لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ورک پلیس پر تحفظ اور صحت یقینی بنانے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر ورکر کو محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی بنیادی حق ہے۔ ہر ادارے کی ترقی اور اہداف کے حصول کے لئے افرادی قوت کا صحت مند اور محفوظ ہونا ضروری ہے۔ محفوظ ورک پلیس معیشت کی ترقی اور خوشحال معاشرے کی بنیاد بھی ہیں۔ پنجاب میں ورکرز کی فلاح و بہبود، ان کی حفاظت اور صحت کے لیے کئی ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ورکرز کی عزت، صحت، تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب میں تاریخ کا رابطہ سڑ کوں کی بحالی کا سب بڑا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ جس کے تحت 12ہزار کلومیٹر روڈز کی تعمیر ومرمت اورر بحالی وتوسیع کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے روڈ پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ اگلے مالی سال میں انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ویلج روڈز کی تعمیر و بحالی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے عوام کی ضرورت اور استعمال کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈز پراجیکٹ کی ترجیحات مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ روڈز سائیڈ کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے بائی لاز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ460روڈز کی تعمیر و توسیع اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ قائد اعظم انٹر چینج تا واہگہ باڈر روڈ کو مکمل کر لیا گیا اور ڈرین اور وال کی تعمیر جاری ہے۔ ملتان وہاڑی دو رویہ روڈ پراجیکٹ کی ایکنک نے منظوری دے دی جبکہ ایڈیشنل کیرج وے کی تعمیر جاری ہے۔ مری میں روڈز کی تعمیر و بحالی کے تمام پراجیکٹ کو مکمل کر لیا گیا۔ کرتار پور راہداری پراجیکٹ میں شکر گڑھ روڈ مکمل، مریدکے نارووال روڈز کی تعمیر جاری ہے۔ روڈز کی عمومی چوڑائی12-فٹ رکھنے کی تجویز پر اتفاق رائے قائم کیا گیا۔ شہروں اور دیہات میں یکساں طرز کی ٹف ٹائل لگانے کی ہدایت کی گئی۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ ساڑھے 18 کلومیٹر روڈ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ لیہ بھکر کو موٹروے سے منسلک کرنے کے لئے ایکسپریس وے پراجیکٹ کے لئے فیزیبلٹی سٹڈی رپورٹ طلب کرلی گئی جبکہ کھاریاں راولپنڈی ایکسپریس روڈ پراجیکٹ پر غور کیا گیا۔