ہیلتھ ملازمین کا پنجاب اسمبلی سے وزیراعلی ہائوس مارچ ‘ پولیس تصادم سے ‘ 2زخمی ‘ کئی گرفتار

لاہور+ فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے پر پولیس نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اسمبلی ہال کے سامنے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے کے 23 ویں روز شرکاء نے ایوان وزیر اعلیٰ کا رخ کر لیا۔ شرکاء بیریئرز اور رکاوٹیں ہٹاتے ریلی کی صورت میں چیئرنگ کراس سے ایوان وزیر اعلیٰ کے سامنے پہنچ گئے۔ پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو گھسیٹ گھسیٹ کر پریزن وین میں ڈالنا شروع کر دیا۔ مظاہرین نے پولیس کی گاڑی پر دھاوا بول دیا۔ دھکم پیل میں 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار کی وردی پھٹ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ لوگ جی او آر کا گیٹ توڑنے کی کوشش کر رہے تھے، اس لیے ان کو پیچھے ہٹانا پڑا۔ جن مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا انہیں چھوڑ دیا گیا۔ بعدازاں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ملازمین مال روڈ پر ایوان وزیراعلیٰ کے سامنے سے ہٹ کر کلب چوک میں بیٹھ گئے۔ دریں اثناء گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے اور ہسپتالوں میں ہڑتال پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ دھرنا اور ٹیچنگ ہسپتالوں کی ہڑتال بلا جواز ہے۔ دھرنے کے شرکاء کا سرنجز اور قینچیوں سے پولیس پر حملہ افسوسناک ہے۔ کسی ہیلتھ ورکر کو بے روز گار نہیں کر رہے۔ ہم 20 ہزار کمیونٹی انسپکٹرز بھرتی کر رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں علاج بند کرکے غریب مریضوں کو خوار کرنا غیر انسانی فعل ہے۔ ڈاکٹرز اور ملازمین شرپسندی سے باز رہیں۔ کسی کو شرپسندی پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ بی ایچ یوز کی آئوٹ سورسنگ کیلئے 9 ہزار ڈاکٹرز نے دلچسپی کا اظہار کیا جو منصوبے کے بہترین ہونے کا ثبوت ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے لئے ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج دسویں روز بھی جاری رکھا۔ فیصل آباد کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی بند ہونے سے علاج معالجہ کے لئے آنے والے مریض خوار ہوتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام فیصل آباد کے الائیڈ ون ٹو نصرت فتح علی خان ہسپتال، گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد میں دسویں روز بھی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈی بند کر دی اور سینئر ڈاکٹرز کو بھی کمروں میں نہ بیٹھنے دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن