لندن میں پاکستانی ہائی کمشن پر بھارتی انتہا پسندوں کا حملہ ‘ توڑ پھوڑ ‘ رنگ پھینکا ، ایک گرفتار

اسلام آباد+لندن (نوائے وقت رپورٹ+عارف چودھری) پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد لندن میں پاکستانی ہائی کمشن پر انتہا پسند بھارتیوں نے حملہ کرکے عمارت کے شیشے توڑ دیے۔ ہائی کمشن کی عمارت کے شیشے ٹوٹنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔ ہندو انتہا پسندوں نے پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت کو نقصان پہنچانے اور ہائی کمیشن کے باہر دنگا، فساد پھیلانے کی کوشش کی۔ پولیس نے ایک شرپسند کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی انتہا پسند پاکستان دشمنی میں پاگل ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ہزیمت پر بیرون ملک مقیم بھارتی شرپسند بھی حواس باختہ ہوگئے۔ شرپسندوں کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر سرخ رنگ بھی پھینکا گیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کے حکام نے میٹرو پولیٹن پولیس کو اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کے متعلق پولیس کو بتانے پر فوری طور پر پولیس ہائی کمشنر آفس آگئی اور ایک آدمی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس مختلف زاویے سے تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس ابھی اس کی نیشنلٹی کا نہیں بتا رہی لیکن یہ حملہ سے ہائی کمشنر آفس کام کرنے والے لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی مکمل تحقیقات کر کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہائی کمشن کی عمارت پر پتھراؤ ہوا اور کھڑکیوں کے شیشے توڑے گئے۔ حکومت برطانیہ سے اپیل ہے کہ وہ ایکشن لے۔ پاکستان دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔ بھارت نے جس زبان میں بات کی اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی ہمیشہ پرامن رہے ہیں۔ برطانوی دفتر خارجہ سے معاملہ اٹھایا ہے۔ برطانوی حکومت ہمیں سکیورٹی فراہم کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن