اسلام آباد‘ سرینگر (خبر نگار خصوصی+ آئی این پی) پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد متعدد کشمیریوں کے گھر تباہ کر دیئے گئے۔ پہلگام حملے کے پیچھے چھپا بھارت کا دہشتگرد چہرہ بے نقاب ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر تباہ کر دئیے۔ تعداد 10 ہو گئی۔ ان مکانات کو دھماکہ خیز مواد لگا کر اڑایا گیا۔ ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے مکانات عام کشمیری لوگوں کے تھے۔ ذرائع کے مطابق تباہ ہونے والے گھر عامر نذیر وانی، جمیل احمد، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد کے والدین کے تھے۔ دھماکوں سے درجنوں قریبی مکانات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 3 دن میں 10 کشمیریوں کے آبائی گھروں کو تباہ کر دیا گیا۔ بھارتی فوج کی ناپاک کارروائی سے کئی خاندان بے گھر اور شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی فوج کا مقصد کشمیریوں کے عزم کو توڑنا اور اجتماعی سزا دینا ہے۔ بھارت کشمیری مسلمانوں کی زمین ہتھیانے کیلئے اسرائیلی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر کے انہیں بے گھر کر رہا ہے۔ ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ یہ مہم مودی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا حصہ ہے۔ بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو بے گھر اور بے دخل کرنا اور علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کو تبدیل کرنا ہے۔ مودی حکومت کے کشمیریوں پر ظلم کے باوجود مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام بھارت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کو ہندو ریاست میں تبدیل کرنا مودی کی سازش ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد حکام کی طرف سے واقعے میں ملوث کرداروں اور ان کے حمایتیوں کے خلاف شروع کی گئی مہم میں اب تک بڑی تعداد میں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سری نگر کے 60 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ مزید متعدد بے گناہ کشمیری پکڑ لئے گئے۔ ریاستی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کریک ڈائون اور گھروں کی مسماری کی کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کے نظام کو ختم کرنا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی بھارتی حکومت پر عام کشمیریوں کے گھر منہدم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردوں اور عام شہریوں میں فرق کرے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت خود کو ان بے گناہ افراد سے دور نہ کرے جو دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ ہزاروں افراد گرفتار کئے گئے ہیں‘ اور متعدد عام کشمیریوں کے گھروںکو شدت پسندوں کے گھروں کے ساتھ دھماکوں سے اڑایا جا رہا ہے۔ حکام یقینی بنائیں کہ بے گناہ افراد کو اس کا خمیازہ نہ بھگتنا پڑے۔