لاہور (نوائے وقت رپورٹ) فضا میں بلند پرواز، زمین پر تیز ترین رفتار پاکستان کی پہلی صوبائی ایئر لائن اور پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پنجاب پہلی صوبائی ایئر لائن ’’ایئر پنجاب‘‘ اور پہلی بلٹ ٹرین چلانے کے لئے تیار ہے۔ ’’ایئر پنجاب‘‘ کا پراجیکٹ خصوصی اجلاس میں پیش کر دیا گیا۔ مریم نواز نے’’ایئر پنجاب‘‘ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ لاہور سے راولپنڈی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی۔ اجلاس میں ’’ایئرپنجاب‘‘ کے لئے فوری طور پر چار ایئر بس لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی طورپر ’’ایئر پنجاب‘‘اندرون ملک ڈومیسٹک پروازیں شروع کرے گی۔ ایک سال کا پیریڈ مکمل ہونے کے بعد ’’ایئر پنجاب‘‘بیرون ملک پروازیں بھی شروع کر سکے گی۔ ’’ایئر پنجاب‘‘کے لئے جدید ترین طیارے لیز پر لینے کے لئے فوری انتظامات کا حکم دیا گیا ہے۔ ’’ایئر پنجاب‘‘ کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لئے ضروری انتظامات کی ہدایت کی۔ لاہور سے راولپنڈی تک پہلی بلٹ ٹرین کے پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ بلٹ ٹرین کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی کے سفر کا دورانیہ تقریباً اڑھائی گھنٹے تک رہ جائے گا۔ پاکستان ریلوے کے اشتراک سے تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے لئے مختلف آپشن کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کو پاکستان ریلوے سے اشتراک کار کا ٹاسک سونپ دیا۔ بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے آپشن پر بھی غورکیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین پراجیکٹ کے آغاز کے لئے اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کے مزید چھ روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین کے لئے پلان طلب کر لیا گیا۔ لاہور سے شاہدرہ اور نارووال تک ہائی سپیڈ ٹرین چلائی جائے گی۔ لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن سے لودھراں تک ہائی سپیڈ ٹرین چلے گی۔ قلعہ شیخوپورہ، جڑانوالہ سے شور کوٹ تک ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہو گا۔ ہائی سپیڈ ٹرین شور کوٹ سے جھنگ اور جھنگ سے سرگودھا چلائی جائے گی۔ لالہ موسیٰ سے سرگودھا براستہ ملکوال ہائی سپیڈ ٹرین چلائی جائے گی۔ فیصل آباد سے چک جھمرہ اور شاہین آباد تک ہائی سپیڈ ٹرین کا روٹ ہو گا۔ لاہور ییلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گوجرانوالہ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ ییلو لائن پراجیکٹ سٹڈی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ لائن کی پراجیکٹ سٹڈی کے لئے 15جون کی ڈیڈ لائن مقررکر دی گئی۔ اجلاس میں ای- ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں لاہور کے لئے ای سی او’’ٹورازم کیپٹل 2027‘‘ کے اعزاز پر مریم نواز نے ایکس پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے کہاکہ ترکیہ کے شہر ارضروم میں 6ویں ای سی او ٹورزم وزارتی اجلاس میں تاریخی ورثے اور محبتوں کے شہر لاہور کو’’ٹورزم کیپٹل 2027‘‘قرار دے دیا گیا ہے۔ شاندار تاریخی ورثے، رنگا رنگ ثقافت اور بے پناہ صلاحیتوں کے ساتھ، لاہور دنیا کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ نوشیر خان انجم لنگڑیال نے ملتان وہاڑی روڈ پراجیکٹ کے آغاز پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں عوام کے لئے بہت سے پراجیکٹس شروع کیے۔ حکومت پنجاب کے موثر اور پائیدار اقدامات کی بدولت کسان کیلئے ترقی و خوشحالی کے راستے کھل رہے ہیں۔ دوسری جانب مریم نواز نے بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کے لئے حرفِ تحسین کہا ہے۔ 6 خوارجی دہشتگرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ مریم نواز نے کہاکہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لئے قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔