پشاور (نیٹ نیوز) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے سی ایم ہائوس کے سامنے بلدیاتی نمائندوں کے حق کے لیے احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا۔ فیصل کنڈی نے کہا کہ پہلے امن و امان پر کانفرنس کا انعقاد کیا تھا، بلدیاتی نمائندے جہاں پر بھی کہیں گے میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں گا، تین سالوں میں بلدیاتی نمائندوں کا کوئی اجلاس نہیں ہوا۔ آج بلدیاتی نمائندوں کا کنونش بلایا تو وزیر اعلیٰ بھی جاگ گئے، وزیر اعلیٰ سے پوچھ لیں انہیں کیا چاہیے، وفاق سے پیسے میں لے کر آؤں گا۔ این ایف سی، سکیورٹی فورسز کے پیسے آئے لیکن کہیں اور خرچ ہوئے۔ بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات پورے نہیں ہوتے تو ہم عید کے بعد آپ کے ساتھ مل کر سی ایم ہائوس کے باہر بیٹھیں گے اور تب تک نہیں اٹھیں گے جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے۔کنونشن میں تمام تحصیل چیئرمینز نے فرداً فرداً خطاب بھی کیا۔