فرانس کے پیسٹری شیفس نے دنیا کا سب سے طویل اسٹرابیری کیک تیار کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا کیک کی تیاری پیرس کے نواحی علاقے ارجنٹیوئل میں مکمل کی گئی جس کی لمبائی ایک سو اکیس اعشاریہ آٹھ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے اس منفرد کارنامے نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے اس خصوصی کیک کی تیاری میں چار ہزار انڈوں کا استعمال کیا گیا جبکہ تین سو پچاس کلوگرام تازہ اسٹرابیری ایک سو پچاس کلوگرام چینی اور چار سو پندرہ کلوگرام کریم استعمال کی گئی شیفس نے اس بات کا خاص خیال رکھا کہ کیک کی اونچائی اور چوڑائی دونوں آٹھ آٹھ سینٹی میٹر تک محدود رہیں تاکہ اس کا ڈیزائن اور معیار متاثر نہ ہو اس عظیم منصوبے میں بیس ماہر شیفس نے حصہ لیا جنہوں نے ایک ہفتے کی مسلسل محنت اور تیاری کے بعد کیک کو مکمل کیا کیک کی رونمائی کے موقع پر مقامی شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اس منفرد تخلیق کو دلچسپی سے دیکھا اور شیفس کی کاوش کو سراہا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل دنیا کا سب سے لمبا اسٹرابیری کیک دو ہزار انیس میں اٹلی کے قصبے سان مورو ٹورینیز میں تیار کیا گیا تھا جس کی لمبائی سو اعشاریہ چار آٹھ میٹر تھی تاہم فرانس نے اب یہ ریکارڈ توڑ کر ایک نئی مثال قائم کردی ہے شیفس کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ٹیم ورک اور لگن کا نتیجہ ہے اور وہ مستقبل میں بھی ایسے مزید منفرد کارنامے انجام دینے کا ارادہ رکھتے ہیں