تھانہ 6 کلومیٹر دور، 10 منٹ میں ایف آئی آر سے پہلگام ڈرامہ کا پول کھل گیا

سری نگر+ نئی دہلی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پہلگام فالس فلیگ واقعے پر بھارتی پولیس سٹیشن میں درج ایف آئی آر نے مودی حکومت کا جھوٹ بے نقاب کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ایف آئی آر نے حملے کو مشکوک بنا دیا ہے۔ ذرائع کے کہنا ہے کہ پہلگام پولیس سٹیشن، حملے کی جگہ سے 6 کلومیٹر دور ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پہلگام حملہ دن 13.50 سے 19.20 تک جاری رہا۔ حیران کن طور پر صرف 10 منٹ بعد 2 بج کر 30 منٹ پر واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر درج ہونا پہلے سے طے منصوبے کا اشارہ دیتی ہے۔ ایف آئی آر میں طے شدہ منصوبے کے تحت نامعلوم سرحد پار دہشت گرد نامزد بھی ہو جاتے ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق مبینہ دہشتگردوں کی طرف سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جبکہ بھارتی حکومت اور میڈیا واقعے کے ٹارگٹڈ کلنگ ہونے کا جھوٹا راگ الاپتے رہے۔ ایف آئی آر میں ’بیرونی آقاؤں کی ایما پر‘ جیسے الفاظ بھی پہلے سے شامل کردیے جاتے ہیں۔ ایف آئی آر نے مودی حکومت کا پہلگام فالس فلیگ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ جھوٹ بے نقاب ہونے پر مودی کا پہلگام فالس فلیگ ڈرامہ مذاق بن گیا ہے۔ ادھر غزہ کے قاتل نیتن یاہو اور گجرات کے قاتل مودی کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم ڈھانے کے بعد اسرائیل کا مودی سرکار کے ساتھ مذموم گٹھ جوڑ منظر عام پر آ گیا ہے۔ پہلگام حملے کے پس پردہ ایجنڈا واضح طور پر بھارتی جنگی جنون کو مزید بڑھانا تھا۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق 15 سے 20 اسرائیلی اہلکار سری نگر مقبوضہ جموں و کشمیر پہنچ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی اہلکار تکنیکی سازوسامان سے لیس ہیں جبکہ اسرائیلی اہلکاروں کی سری نگر میں آمد انتہائی تشویش ناک ہے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں کی مقبوضہ کشمیر میں آمد پاکستان کے خلاف مذموم مہم جوئی کی سہولت کاری ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار پہلے ہی اسرائیلی طرز کی پا لیسی اختیار کرتے ہوئے کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے۔ اسرائیل اور مودی کا گٹھ جوڑ عالمی سلامتی کیلئے بہت بڑا خطرہ بن چکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن