فرانس کے بعد یورپ کے دیگر ممالک کے لئے پی آئی اے کی پروازیں فوری بحال کی جائیں،سردار ظہور اقبال

پاکستان بزنس فورم یورپ کے چئیرمین سردار ظہور اقبال نے یورپ میں مقیم پاکستانیوں کی آواز حکومتی ایوانوں تک پہنچادی ، حکومتی اعلی عہدیداران سے ملاقات کے بعد ایڈیشنل سیکرٹری سول ایوی ایشن کے نام اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان بزنس فورم یورپ کے پلیٹ فارم سے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے چند اہم ترین گزارشات پیش کردیں ، تفصیلات کے مطابق سردار ظہور اقبال نے ایڈیشنل سیکرٹری سول ایوی ایشن کے نام گزارشات پر مبنی ایک مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں فرانس کے علاوہ یورپ کے دیگر ممالک کے لئے پی آئی اے کی مزید پروازوں کی بحالی اور جہازوں کی مرمت پر زور دیا گیا ہے، سردار ظہور اقبال نے ایڈیشنل سیکرٹری سول ایوی ایشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ملک کی ائیرلائن میں سفر کیا جائے تاکہ قومی ادارے کو فائدہ ہو، کیونکہ اوورسیز پاکستانی وطن کی محبت سے سرشار ہیں ، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی تو اداروں کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں مگر اوورسیز پاکستانیوں کو وہ سہولیات مہیا نہیں کی جاتیں جس کے وہ حقدار ہیں ، یورپ کے لئے پرواز کرنے والے پی آئی اے کے جہازوں کی فوری اور خصوصی مرمت کی ضروت ہے ، دوران پرواز سہولیات میں بہتری اور اضافہ فوری توجہ کا متقاضی ہے ، فرانس ، اٹلی ، اسپین اور جرمنی سے اسلام آباد اور لاہور کے لئے پروازوں سے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کی فیملیز کو ڈائریکٹ فلائٹس کی سہولت میسر آئے گی اور پی آئی اے کو ان منافع بخش روٹس سے بزنس ملے گا اور پی آئی اے مزید منافع بخش ادارہ بھی بنے گا جس سے پاکستان کو زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ چئیرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے حکومتی اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتوں میں بھی یورپ کے لئے پی آئی کی مزید پروازوں کا مطالبہ کیا ہے ، اور اسی حوالے سے سول ایوی ایشن کو باقاعدہ گزارشات ارسال کی ہیں اور انہیں امید ہے کہ حکومت پاکستان اور سول ایوی ایشن ان کی گزارشات پر جلد عمل درآمد کرکے اوورسیز پاکستانیوں کو مزید اور بہترین سہولیات فراہم کرے گی،یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں یورپ کے کاروباری پاکستانیوں کے سب سے بڑے گروپ نے سردار ظہور اقبال کی قیادت میں کنونشن میں شرکت کی اور حکومتی عہدیداروں کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے لئے تجاویز بھی پیش کیں ، جن میں سے کئی تجاویز پر وزیراعظم شہباز شریف نے فوری عمل درآمد کے احکامات جاری کئے۔

ای پیپر دی نیشن