پشاور(آئی این پی )خیبر پی کے کابینہ نے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔پشاور میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا31واں اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے جارحانہ رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی کے پی نے کہا بھارتی حکومت کا یہ رویہ افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے اور مودی سرکار ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ اگر بھارت نے اس واقعے کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی تو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، ملکی سالمیت کیلئے ہم سب متحد ہیں، قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا جارحانہ رویہ ہمیشہ سے خطے کے امن کیلئے خطرہ رہا ہے، اور یہ صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔ بھارتی حکومت اپنی نااہلی چھپانے کیلئے پاکستان کے خلاف زہر اگل رہی ہے، تاہم خبردار کرتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وزیراعلی خیبرپی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماں کے درمیان اختلافات کوئی بڑی بات نہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی کا کہنا تھا کہ گھرکے اندر بھی اختلاف ہوتے ہیں، ہماری پارٹی اور نظریہ ایک ہے، پارٹی کا لیڈربھی ایک ہی ہے، پارٹی میں ہم پہلے ورکر اور پھرعہدیدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے درمیان موجود اختلافات کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ پارٹی نے جب بھی احتجاج کی کال دی، ہم تیار ہیں، اس بار پارٹی کی کال پر بھرپور تیاری کے ساتھ احتجاج کریں گے۔