لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں شرکت کیلئے پاکستان آنے سے انکار کے بعد بھارت نے کھیل میں ایک مرتبہ پھر بے اعتنائی کا مظاہرہ کردیا۔ بھارت آخری لمحات میں اسلام آباد میں ہونے والی ساؤتھ ایشین فیڈریشن کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ سے دستبردار ہو گیا۔ جنوبی ایشیا کے سات ممالک کے درمیان ہونے والی کراس کنٹری اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھارت نے شرکت کی تصدیق کی تھی۔بھارتی ٹیم نے ان مقابلوں میں شرکت کیلئے ہفتے کو پاکستان پہنچنا تھا۔ تاہم عین آخری لمحات میں بھارت کی طرف سے دستبرداری کا اعلان کر دیا گیا۔مالدیپ نے بھی چیمپئن شپ میں شرکت سے معذرت کرلی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کراس کنٹری چیمپئن شپ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اب میزبان پاکستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، سری لنکا اور نیپال کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 10 کلومیٹر کی دوڑ کیساتھ 8 کلو میٹر کی انڈر20 دوڑ بھی شامل ہوگی۔مقابلوں کیلئے2 کلومیٹر کا خصوصی ٹریک تیار کیا گیا ہے۔