دبئی کرکٹ سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دیکھنے کیلئے شائقین نے صبح سویرے ہی دبئی کرکٹ سٹیڈیم کا رخ کرلیا ۔شائقین کے جوش و خروش کا یہ عالم ہے کہ صبح آٹھ بجے سے ہی لوگوں نے سٹیڈیم کا رخ کر لیا حالانکہ انتظامیہ کی جانب سے سٹیڈیم کے دروازے گیارہ بجے کھلنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن شائقین کے بے پناہ جوش و خروش نے انتظامیہ نے سٹیڈیم گیٹس کئی گھنٹے پہلے ہی کھول دیے۔صبح کے وقت ہی سٹیڈیم کے اطراف گہما گہمی شروع ہو گئی تھی۔ بچوں، خواتین اور جوانوں سمیت ہر عمر کے شائقین کی بڑی تعداد اپنی اپنی ٹیموں کی شرٹس پہنے سٹیڈیم کے باہر موجود تھی۔تھوڑی دوپہر ہوئی تو سورج نے اپنا اثر جمانا شروع کیا اور دبئی کی چلچلاتی دھوپ کے باوجود لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور جوش نظر آیا اور قطاروں کا سلسلہ بھی بڑھتا گیا۔رات کی نیند قربان کرنے والے کئی شائقین نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی میچ نے ان کو رات بھر سونے بھی نہیں دیا۔جب ٹیم پاکستان اور ٹیم انڈیا گراؤنڈ میں داخل ہوئیں تو پورا سٹیڈیم نعروں اور ترانوں سے گونج اٹھا۔ پاکستانی شائقین نے "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ بھارتی شائقین نے اپنی ٹیم کے ترانے گا کر جوش و خروش کا اظہار کیا۔سٹیڈیم کے اندر موجود شائقین نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کا زبردست استقبال کیا۔ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کیلئے الگ ہی جوش نظر آیا اور ان کے میدان میں آتے ہی نعرے گونجنے لگے۔

ای پیپر دی نیشن