راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سی ای اوراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کمپنی سے ریٹائر ہونے والے چار محنتی ملازمین کو ان کی طویل، مخلصانہ اور مثالی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا ہے،گزشتہ روز راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہیڈ آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ادارے کے افسران، سینیٹری عملے اور مختلف شعبوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ریٹائر ہونے والے ملازمین میں سینیٹری انسپکٹر محمد اصغر،سینیٹری ورکرز رکھل بی بی، امین، اور نیامت شامل ہیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او رانا ساجد صفدر نے کہا کہ صفائی کا عملہ ہمارے ادارے کا بنیادی ستون ہے۔ ان ہی لوگوں کی بدولت آج راولپنڈی کا شہر صاف ستھرا ہے۔ ہم ان کی برسوں پر محیط محنت، وفاداری اور فرض شناسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام انہی جیسے محنت کشوں کی وجہ سے عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ریٹائرڈ سینیٹری انسپکٹر محمد اصغر نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ایمانداری اور دیانت سے کام کیا، اور آج جو عزت مجھے یہاں سے رخصت کرتے ہوئے ملی ہے، وہ میری تمام تھکن دور کر گئی ہے۔