حمید نظامی اور نوائے وقت کے تاریخی 85 سال

آج صحافت کے اس بطل جلیل کی یاد تازہ کرتے ہوئے ان کی وہ عہد آفریں جدوجہد بھی قوم سے خراج تحسین چاہتی ہے جو انہوں نے پاکستان بنتے ہی ان عناصر کے خلاف شروع کر دی تھی جو ملک کو کمیونزم کی گود میں دینے کے لئے بے چین تھے۔ وہ ملت کو لادینی نظریات کے زہر سے بچانے کے لئے کمیونسٹوں کے سیاسی عزائم کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہو گئے۔ پاکستان کی سلامتی کے خلاف اشتراکی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لئے پورے مْلک میں صرف ایک آواز بلند ہو رہی تھی۔ یہ آواز حمید نظامی کی تھی یہ کسی مْلاّ کی آواز نہیں تھی ایک روشن خیال اور جدید تعلیم یافتہ مفکر کی صدا تھی جس نے اشتراکیوں کو ان کی کمیں گاہوں میں للکارا۔ آج جبکہ اشتراکیت کی عمارت کو خود اس کے علمبردار دھکا دے کرگرا چکے ہیں۔ حمید نظامی کی پیش بینی کی داد نہ دینا زیادتی ہو گی جنہوں نے اس وقت جب اشتراکیت جوانِ رعنا تھی اس کے بلاخیز حسن کو نراسراب قرار دیا تھا، آج لینن گراڈ میں اشتراکیت کا بے گورو کفن لاشہ حمید نظامی کی رْوح کے لئے سکون کا باعث ہو گا انہوں نے یہ صدا اس وقت بلند کی تھی جب اشتراکیت اور ترقی لازم وملزوم قرار دیئے جانے لگے تھے اور حمید نظامی کو رجعت پسندی کے طعنے سننا پڑتے تھے۔ انہوں نے کمیونسٹوں کو ’’سْرخوں‘‘ کا لقب دے کر پْورے معاشرے میں اس طرح الگ تھلگ کر دیا تھا کہ سبز ہلالی پرچم تلے پروان چڑھنے والی قوم کو اشتراکیوں کی شناخت میں دشواری پیش نہ آئی۔ میاں افتخارالدین کی صحافتی ایمپائر۔ اس وقت کا صحافتی لال قلعہ۔ حمید نظامی کی گولہ باری کا مسلسل نشانہ بنا رہا۔ قلم سے تلوار کا کام لینے کی اصطلاح شاید ایسے ہی مواقع پر استعمال کی جاتی ہے۔ حمید نظامی کی روح آج مطمئن اور مسرور ہو گی کہ انہوں نے نو آزاد اسلامی مملکت پاکستان کو اشتراکیت کے طلسم سے بچانے کے لئے جو جہاد کیا تھا وہ اس حد تک مؤثر ثابت ہوا کہ وسط ایشیا کی تمام مسلم ریاستیں اس کے چْنگل سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔ آیئے! حمید نظامی کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کریں کہ قوم کے اس مفکر کی پیش بینی نے پاکستان کو اشتراکیت کی دلدل میں پھنسنے سے بچایا اور قوم کی بروقت رہبری کی تاکہ اس کی منزل کھوٹی نہ ہو جائے۔
مجھے یکم ستمبر 1959ء کو حمید نظامی سے ٹمپل روڈ پر ان کی قیام گاہ پر ملاقات کا شرف حاصل ہوا، یہ ایک بڑے اخبار کے بڑے نام والے ایڈیٹر سے ایک طالب علم نامہ نگار کی ملاقات تھی جو لائل پور میں ’’نوائے وقت‘‘ کا سٹاف رپورٹر بننے کا خواہاں تھا لائل پور سے ’’نوائے وقت‘‘ کا ایڈیشن بند کئے جانے پر سٹاف رپورٹر کی حیثیت سے کام کرنے والے ممتاز صحافی جناب عرفان چغتائی لاہور جا چکے تھے۔ میں وقت مقررہ پرجناب حمید نظامی کی رہائش گاہ پر پہنچا اور ٹھیک گیارہ بجے ان کے ڈرائنگ روم کے باہر گھنٹی کا بٹن دبادیا، چند ساعتوں میں دروازہ کھلا اور سفید کْرتے پاجامے میں ملبوس وہ باوقار ایڈیٹر میرے سامنے تھے جن کے اداریوں اور خبروں سے اقتدار کے ایوانوں میں زلزلہ آجاتا تھا اور جن کا اخبار ’’نوائے وقت‘‘ ملک میں جرأت، بے باکی اور حق گوئی کا نشان سمجھا جاتا تھا، یہ ایک کْھلا اور کشادہ ڈرائنگ روم تھا جس کی چھت کافی اْونچی تھی۔ میں جس صوفے پر بیٹھا اور جس صوفے پر وہ فروکش ہوئے، ان کے درمیان کافی فاصلہ تھا میں نے اب تک جن اخبارات میں اور جن اخبارات کے لئے کام کیا تھا ان کے خطوط اور تقررناموں کی نقول میں پہلے ہی انہیں بھیج چکا تھا، میں نے بڑے فخر کے ساتھ عرض کیا کہ میں روزنامہ ’’آفاق‘‘ میں کام کررہا ہوں۔
اْنہوں نے ایک لمحہ توقف کیے بغیر فرمایا ، ’’اس کا تو ذکر چھوڑئے۔ ’’یاد رہے کہ ’’آفاق‘‘ ممتاز صنعت کار سعید سہگل نے شائع کرنا شروع کیا تھا، پنجاب کے سابق ڈائریکٹر تعلقات عامہ میر نْور احمد (جو قیام پاکستان سے قبل انگریزی اخبار ’’سول اینڈ ملٹری گزٹ‘‘ کے چیف رپورٹر بھی رہے تھے) ’’آفاق‘‘ کے منیجنگ ایڈیٹر تھے اور ’’نوائے وقت‘‘ کے عملۂ ادارت کے سینئر ارکان ظہور عالم شہید، ذکریا ساجد اور بشیر احمد ارشد بھی ’’نوائے وقت‘‘ سے مستعفی ہوکر ’’آفاق‘‘ میں چلے گئے تھے۔ حمید نظامی نے انہیں بخوشی ’’نوائے وقت‘‘ سے الگ ہوجانے کی اجازت دے دی تھی، اور ان کے استعفے منظور کرتے ہوئے کہا تھا، ’’آپ کے لئے ’’نوائے وقت‘‘ کے دروازے ہمیشہ کْھلے رہیں گے‘‘، انہوں نے ظہورعالم شہید اور ان کے رفقاء کے ’’آفاق‘‘ میں چلے جانے کا اشتہار بھی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’’نوائے وقت‘‘ کے صفحہ اوّل پر شائع کیا تھا اور اس روز خود نیوز روم میں رہے اور اخبار کے خبروں کے صفحات خود تیار کرائے۔ 
مجھ سے ان کا پہلا سوال یہ تھا، ’’آپ رپورٹر کیوں بننا چاہتے ہیں، سب ایڈیٹر کے طور پر کام کیوں نہیں کرتے؟‘‘
میں نے ادب سے عرض کیا کہ میری اب تک کی ساری تربیت اور تجربہ نامہ نگار اور رپورٹر کا ہے، میں اپنے آپ کو اس کام کے لئے ہی زیادہ مناسب سمجھتا ہوں۔ اْنہوں نے میرا استدلال قبول نہ کیا اور فرمایا ، ’’آپ کالج میں پڑھتے ہیں، اگر گیارہ بجے ایوب خان لائل پور کے ہوائی اڈے پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہوں تو آپ اپنی کلاس میں جائیں گے یا پریس کانفرنس میں؟‘‘ ظاہر ہے کہ ان کی دلیل کا میرے پاس کوئی جواب نہیں تھا اس کے بعد فرمانے لگے، ’’آپ کی تعلیم کے علاوہ آپ کی کم عمر بھی ایک مسئلہ ہے، دراصل ہمیں زیادہ عمر کے آدمی کی ضرورت ہے، اگر سربراہ مملکت سے ہمارے رپورٹر کا آمنا سامنا ہو اور وہ ہمارے اخبار کے متعلق کوئی ریمارکس دے دیں تو وہ ان ریمارکس کا فوری جواب اْنہیں دے سکے‘‘۔ پھر ارشاد فرمایا، ’’آپ کی کوئی مالی ضرورت ہے تو بتائیے میں آپ کی کیا خدمت کرسکتا ہوں؟‘‘
میں نے گذارش کی کہ اخبارات میں کام کرکے میری مالی ضروریات تو پْوری ہورہی ہیں اور آپ کے ہاں بھی میں کام کرنے کا خواہش مند ہوں اور آخر میں عرض کیا کہ آپ اگر زیادہ عمر کے کسی آدمی سے ہی کام لینا چاہتے ہیں تو اْس وقت تک کے لئے مجھے کام کرنے کا موقع دیں جب تک آپ کو اپنی پسند کا آدمی نہیںمل جاتا، اْنہوں نے میری یہ بات قبول کرلی… میں نے اجازت لینا چاہی تو وہ اٹھ کر دوسرے کمرے میں گئے اور ایک لفافہ میرے حوالے کیا جس میں میرے وہ خطوط تھے جو میں نے اپنے تجربہ کے ثبوت میں اْنہیں بھیجے تھے، کمرے سے باہر نکل کر جب میں نے لفافہ کھولا تو اْس میں میرے خطوط کے علاوہ ایک دو کاغذات اور بھی تھے، جن میں ایک ٹیلی گرام تھا جس کے حوالے سے اْنہوں نے لائل پور کے ایک رپورٹر کی سرزنش کی تھی اور یہ ریمارکس لکھے تھے کہ آپ نے اْسی ٹیلی گرام کی کاپی ’’نوائے وقت‘‘ کو بھیج دی جو ’’سول اینڈ ملٹری گزٹ‘‘ کو ارسال کی گئی تھی اور دونوں رپورٹوں میں ایک لفظ کا بھی فرق نہیں تھا۔ اس سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ حمید نظامی بحیثیت مدیر کس گہرائی سے اپنے اخبار اور دوسرے مؤقر اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کا موازنہ کرتے تھے۔
اس گفتگو میں ایک بے اصول اخبار کے لئے ان کی کھلی ناپسندیدگی، ایک طالب علم کی مالی ضروریات پْورا کرنے سے ان کی فراخدلانہ دلچسپی۔ ’’نوائے وقت‘‘ کے رپورٹر کے لئے عمر اور تجربہ کے معیار، صحافت میں ایک نئے داخل ہونے والے کے کام کا برملا اعتراف، اپنے ادارے کی ضروریات کو اولیت دینے کے جو رہنما نکات سامنے آتے ہیں وہ صحافت کے طالب علموں کے لئے مینارہ نور ثابت ہوں گے۔ میرے اصرار پر انہوں نے عارضی رپورٹر کے طور پر میرا تقرر تو کر دیا تھا لیکن تین ماہ بعد یہ لکھ کر مجھے اس ذمہ داری سے سبکدوش کر دیا کہ ہم محض آپ کی صغر سنی اور طالب علمی کی وجہ سے آپ کی خدمات سے فائدہ نہیں اٹھا سکے ورنہ آپ کا کام اچھا تھا۔
حمید نظامی کے ایک اور وصف کا ذکر کئے بغیر ان کا تذکرہ ادھورا رہے گا۔ وہ اپنے قلم سے اپنے ہی قصیدے لکھنے والے صحافیوں میں سے نہیں تھے۔ انہوں نے اپنی ذات کو اخبار سے بالکل الگ رکھا اس حد تک کہ انہوں نے اپنی والدہ ماجدہ کے انتقال کی خبر بھی ’’نوائے وقت‘‘ میں شائع کرنے کی اجازت نہ دی اور جب ’’نوائے وقت‘‘ کے لائل پور ایڈیشن میں یہ خبر شائع ہو گئی تو انہوں نے وہاں کے عملہ سے اس کی اشاعت پر جواب طلب کیا۔ وہ اخبار کوقارئین کی امانت سمجھتے تھے انہوں نے ایڈیٹر کی حیثیت میں بھی اپنے رپورٹنگ کے ابتدائی کیریئر کو کبھی فراموش نہ کیا۔ ضلع جھنگ کے ایک گائوں موچی والا میں جب مردوں اور خواتین کی اجتماعی توہین کا سانحہ ہوا تو وہ خود آغا شورش کاشمیری سمیت موچی والا گئے اور ایڈیٹر کے قلم سے شائع ہونے والی ان کی رپورٹ سے اس وقت کی حکومت کے ایوانوں کے درو دیوار لرز گئے۔
حمید نظامی فی الحقیقت ہماری ملّی صحافت کا بلند و بالا مینار تھے۔ ایک ایسا مینار جو کبھی گرا نہ کبھی جھکا سنگ وخشت سے آراستہ مینار تو ٹیڑھے بھی ہو جاتے ہیں لیکن گوشت پوست کا یہ مینار زندگی بھر راست رہا کیونکہ اس کا نظریاتی قبلہ درست تھا انہیں پاکستانی صحافت کا عظیم قائد کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ اس لئے کہ وہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کی سربلندی اور حق و صداقت کی طرف داری میں قائداعظم کے سچے پیروکار تھے۔ انہوں نے تو ایوب خان کے مارشل لاء کی گھٹن میں زندہ رہنے کے مقابلے میں مر جانے کو ترجیح دی۔ حمید نظامی آج ہمیں بے طرح یاد آتے ہیں اور یاد آتے رہیں گے لیکن میں محسوس کرتا ہوں کہ حمید نظامی زندہ ہیں۔ وہ زندہ رہیں گے اس وقت تک جب تک پاکستان زندہ ہے اور دشمنوں کے ناپاک ارادوں کے باوجود پاکستان انشاء اللہ تاابد زندہ رہے گا جب تک ہمارے ملک میں غریب اور امیر کے بچوں کو حصول تعلیم کے ایک جیسے مواقع میسر نہیں آتے، جب تک حکمرانوں اور عام آدمی کے معیار زندگی میں تفاوت برقرار ہے جب تک تنقیدی تحریروں پر ہماری جبینیں شکن آلود ہوتی رہیں گی۔ جب تک اخبارات کو صحیح معنوں میں آزادی میسر نہیں آتی۔ جب تک اشتہارت کے لئے اخبارات حکومت کے محتاج ہیں جب تک سیاسی جماعتیں اپنی صفوں میں حقیقی جمہوریت نہیں لاتیں۔ جب تک حکومتیں اپنی پالیسیاں اپنی جماعت کے منشور کے تابع نہیں کرتیں حمید نظامی یاد آتے رہیں گے۔ اس صورت حال میں انقلاب لانے کے لئے صرف حمید نظامی کی تحریروں سے رہنمائی حاصل کرنا ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن