واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) غزہ جنگ کے دوران امریکی ووٹرز میں حماس کی مقبولیت میں اضافہ ہو گیا۔ ہارورڈ اور ہیرس کے ایک نئے سروے کے مطابق ہر 5 میں سے ایک امریکی ووٹر غزہ جنگ میں اسرائیل کے مقابلے میں حماس کی حمایت کرتا ہے۔ یہ سروے 15 اور 16 جنوری 2025ء کے درمیان کیا گیا جس میں 2 ہزار 650 رجسٹرڈ ووٹرز کی رائے لی گئی۔ سروے کے نتائج کے مطابق 21 فیصد افراد نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے حق میں رائے دی۔ غزہ جنگ کے آغاز پر اکتوبر 2023ء میں ہونے والے سروے میں 16 فیصد امریکی ووٹرز نے حماس جبکہ 84 فیصد نے اسرائیل کی حمایت کی تھی۔ اس کے برعکس اسرائیل کی سب سے زیادہ حمایت 65 سال یا اس سے زائد عمر کے بزرگ افراد میں نظر آئی جن کی 90 فیصد تعداد نے اسرائیل کی حمایت کی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے حامیوں میں سے 75 فیصد نے اسرائیل کی حمایت کی جبکہ 25 فیصد نے حماس کی طرف جھکاؤ ظاہر کیا۔ ری پبلکن ووٹرز کی اکثریت یعنی 81 فیصد نے اسرایئل کے لئے بھرپور حمایت ظاہر کی‘ تاہم 19 فیصد نے کسی نہ کسی حد تک حماس کیلئے حمایت کا اظہار کیا۔ امریکی عوام کی ایک بڑی تعداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو اسرائیلی اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا سہرا دیتی ہے۔