کراچی(کامرس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن(ڈی جی ٹی او)نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی)کی قیادت اور سیکریٹری کو حکم دیا ہے کہ کراچی چیمبر کے ممبران سے 1200 روپے فیس وصول کی جائے اور نئی ممبر شپ یا رینیول کیلئے جو اضافی رقم وصول کی گئی ہے اسے ممبران کو واپس کیا جائے۔ آرڈر نمبرF.No 6/(02)2025-TO کے مطابق ڈی جی ٹی او نے یہ فیصلہ اپوزیشن گروپ جس کی قیادت آصف سخی، شرجیل گوپلانی اور دیگر تاجر رہنما کررہے ہیں ان کی دآئر کردہ درخواست پر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی ٹی او کے حکم کے بعد کراچی چیمبر آف کامرس کو اپنے 30 ہزار سے زائد ممبران کو رواں سال 5 ہزار روپے فی ممبر وصول کئے گئے تقریباً 12 کروڑ روپے سے زائد رقم واپس کرنا ہونگے۔اور ڈی جی ٹی او کے حکم پر جیسے ہی اس سال کی اضافی وصول کردہ رقم واپس کی گئی تو ممبران سے کم از کم پچھلے 10 سال وصول کردہ رقم تقریباً ڈیڑھ ارب روپے بھی واپس کرنا ہونگے۔ ڈی جی ٹی او کے احکامات کے حوالے سے جب کراچی چیمبر کے صدر سے انکے موبائل فون پر رابطہ کیاگیا تو انہوں نے فون نہیں اٹھایا جبکہ دوسری جانب اپوزیشن گروپ کے سربراہ آصف سخی کا کہنا تھا کہ ہم نے ممبران کو انکا حق دلوانے کی جو جدوجہد شروع کی اس میں ہمیں ڈی جی ٹی او سے دوسری کامیابی ملی ہے، کئی سال سے چیمبر پر قابض گروپ کراچی چیمبر ممبران سے ممبرشپ فیس کی مد میں تین گنا اضافی رقم وصول کررہے ہیں لیکن اب چیمبر کو زائد وصول کئی رقم واپس کرنا ہوگی۔ جبکہ ماہ ستمبر میں کراچی چیمبر کے الیکشن میں اپوزیشن گروپ کے امیدوار شرجیل گوپلانی نے اس حوالے سیکہا کہ ہم کراچی چیمبر کے ممبران کے جائز حقوق کا مقدمہ کررہے ہیں اور ہم نے ثابت کردیاکہ چیمبر میں برسراقتدار گروپ کے عہدیدار ممبران سے فیس کی مد میں زائد رقم وصول کررہے تھے ۔