روشنی کا سفر

انسانیت سے محبت کی بہترین مثال المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ دنیا کے 24 ممالک میں مؤثر نیٹ ورک اور متحرک ٹیم کے ساتھ رنگ، نسل، مذہب، علاقہ اور فرقہ کی تفریق اور امتیاز سے بالاتر ہو کر، لاچار اور بیمار، بے بس اور بے کس خلق خدا کی بے لوث خدمت کے لیے سرگرم عمل عالمی فلاحی تنظیم ہے۔ میاں چنوں سے آبائی تعلق رکھنے والے عبدالرزاق ساجد نے پاکستان سے برطانیہ منتقل ہونے کے بعد 2006ء میں انگلینڈ میں ’’المصطفیٰ‘‘ کے کام کا آغاز کیا۔ آج الحمداللہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے تمام چھوڑے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات سمیت ایشیا، افریقہ، یورپ اور امریکا تک ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کا فعال سیٹ اپ دکھی انسانیت کے درد بانٹنے کے لیے ’’ہر وقت خدمت اور بروقت خدمت‘‘ کے جذبے کے ساتھ سرگرم عمل ہے اور خوشیوں سے محروم انسانوں کو سکھ اور سکون فراہم کرنے کا مشن صادق جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ جاری ہے۔ المصطفیٰ کی ٹیم کا یقین اور عقیدہ ہے کہ ’’خالق تک رسائی، مخلوق سے بھلائی کے بغیر ممکن نہیں‘‘۔
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام پچھلے کئی برس سے’’روشنی سب کے لیے‘‘ کے سلوگن کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش، کینیا، گیمبیا، سری لنکا، یمن، شام، انڈونیشیا، ملاوی، نائیجیریا، افغانستان، عراق اور برما سمیت مختلف غریب خطوں اور ملکوں میں‘‘ فری آئی کیمپ‘‘ لگانے کا سلسلہ تسلسل، باقاعدگی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہو گی کہ برس ہا برس سے جاری المصطفیٰ کے ان فری آئی کیمپوں کے ذریعے اب تک دو لاکھ پچاس ہزار آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کیے جا چکے ہیں جن کا مکمل ڈیٹا (مریضوں کی تصاویر، ایڈریسز، فون نمبرز اور شناختی کارڈز) المصطفیٰ کے ریکارڈ میں موجود ہے۔ ان فری آئی کیمپوں میں آپریشن سے پہلے ہر مریض کے بلڈ پریشر، شوگر، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے ٹیسٹ بھی مفت کیے جاتے ہیں اور مریضوں کو ‘‘المصطفی‘‘ کی طرف سے عینکیں، لینز، ادویات اور کھانا بھی مفت پیش کیا جاتا ہے۔ 
المصطفیٰ یوں تو پچھلے کئی برس سے غزہ کے لوگوں کی مدد، صحت اور غذائی ضرورت کے ضمن میں کر رہا ہے لیکن فلسطین اور غزہ میں 7 اکتوبر 2023ء کے پیدا ہونے والی حالیہ جنگی صورتحال میں امدادی کاموں میں تیزی لائی گئی۔ المصطفیٰ غزہ میں شروع سے آج تک مسلسل ریلیف مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد حالیہ جنگی صورتحال پیدا ہوتے ہی اپنے وفد کے ہمراہ مصر گئے۔ جہاں انھوں نے ہلالِ احمر کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر کے ہلالِ احمر اور المصطفیٰ کے درمیان غزہ میں امدادی سامان بھیجنے کا معاہدہ کیا۔ امدادی سامان میں ادویہ، پینے کا صاف پانی، گرم کپڑے، گدے، کمبل، خیمے، خواتین کے استعمال کی اشیاء ، حفظان صحت کی کٹس، طبی سامان اور ایمبولینسیں شامل ہیں۔ غزہ جہاں ہر قسم کا انفراسٹرکچر اور ہسپتال تک تباہ ہو چکے تھے، وہاں المصطفیٰ نے 9 جولائی 2024ء کو خان یونس کے مقام پر فیلڈ ہسپتال قائم کیا جو آج بھی کام کر رہا ہے۔
’’المصطفیٰ‘‘ کو پاکستان کے دل لاہور اور لاہور کے دل مزنگ روڈ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے متصل، برٹش کونسل اور پنجاب اسمبلی کے نواح میں نہایت شاندار ‘‘ المصطفیٰ آئی ہسپتال‘‘ قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ المصطفیٰ کے اس سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال میں پرچی سے آپریشن تک تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ 14 نومبر 2020ء کو قائم ہونے والے المصطفیٰ آئی ہسپتال میں صرف چار سال کے مختصر عرصہ میں پندرہ ہزار سفید موتیا کے مفت آپریشن مکمل ہو چکے ہیں۔ اس طرح یہ ہسپتال لاہور میں آنکھوں کے سب سے زیادہ مفت آپریشن کرنے والا ہسپتال بن چکا ہے۔ ہسپتال میں جدید ترین مشینری نصب کی گئی ہے۔ المصطفیٰ آئی ہسپتال کی ٹیم لاہور کے مختلف علاقوں اور لاہور کے گرد و نواح میں ہر روز او پی ڈی کیمپ لگا کر مریضوں کی سکریننگ کر کے سفید موتیا کے مریضوں کو آپریشن کے لیے ہسپتال لانے کا بندوبست کرتی ہے۔ المصطفیٰ آئی ہسپتال کی طرف سے لاہور شہر میں 560 فری آئی کیمپ لگائے جا چکے ہیں۔ ان کیمپوں میں ہزاروں افراد کی آنکھوں کا چیک اپ کیا گیا اور نظر کے ہزاروں چشمے تقسیم کئے گئے، المصطفیٰ آئی ہسپتال میں مریضوں کی عزت و وقار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو دوپہر اور شام کا کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے۔
لاہور کے علاوہ اٹک اور مانسہرہ میں بھی المصطفیٰ ہسپتال کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔ اٹک اور مانسہرہ کے المصطفیٰ ہسپتال صرف آنکھوں کے نہیں بلکہ جنرل ہسپتال ہیں جہاں پر ہر طرح کی طبی سہولتیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ آزاد کشمیر کے شہر ڈھڈیال اور بحریہ انکلیو اسلام آباد میں بھی المصطفیٰ ہسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ لاہور میں مزنگ روڈ پر ’’المصطفیٰ دسترخوان‘‘ بھی کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔ المصطفیٰ کے زیراہتمام ہر برس سردیوں کے موسم میں مستحق افراد اور غریب خاندانوں کو رضائیاں، گرم کپڑے، جرسیاں اور گرم چادریں فراہم کی جاتی ہیں۔ ’’المصطفیٰ‘‘ کی طرف سے پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں حافظ پروجیکٹ کے تحت قرآن حفظ کرنے والے خوش نصیب طلبہ و طالبات کو ہر ماہ وظیفہ پیش کیا جاتا ہے اور قرآن مجید کی تدریس کے فرائض سرانجام دینے والے اساتذہ کرام کی تنخواہیں بھی المصطفیٰ کی طرف سے ادا کی جاتی ہیں۔ المصطفیٰ کے زیراہتمام مختلف پسماندہ خطوں اور ملکوں سمیت پاکستان کے صوبہ سندھ میں محرومیوں کے شکار علاقہ تھر اور جنوبی پنجاب میں آئے روز خشک سالی کی زد میں آنے والے چولستان میں کلین واٹر پروجیکٹ نتیجہ خیزی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
’’المصطفیٰ‘‘ کی طرف سے ہر سال عید الاضحیٰ کے موقع پر مختلف ممالک کے کئی شہروں اور دیہاتوں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ہزاروں یتیم بچوں کی تعلیم، رہائش، خوراک، لباس سمیت تمام ضروریات زندگی کی مکمل ذمہ داری المصطفیٰ سرانجام دے رہا ہے۔ ’’المصطفیٰ‘‘ کے زیر اہتمام معذور افراد کے لیے سمال بزنس سیٹ اپ کا بندوبست کیا جاتا ہے اور خواتین کو مختلف ہنر سکھا کر انھیں معاشی خود کفالت کے راستے پر گامزن کیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن