وکلااور عدلیہ کاتعاون کی حکمرانی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے : چیف جسٹس 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سینئر وکلاء کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ "رسائی برائے انصاف" پروگرام کے تحت ان کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں اور انصاف تک رسائی مضبوط بنانے کے لیے ہزارہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ہزارہ ڈویژن کے سینئر وکلا نے ملاقات کی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدلیہ اور وکلاء کی اجتماعی دانش اور کردار ایک مؤثر عدالتی نظام کے لیے ناگزیر ہے۔ وکلاء اور عدلیہ کا باہمی تعاون قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وکلاء برادری کے تعاون کے بغیر منصفانہ اور مؤثر عدالتی نظام کے مقصد کو حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ سینئر وکلاء کے وفد نے چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور چیف جسٹس کو ہزارہ ڈویژن بار ایسوسی ایشنز اور سائلین کو درپیش چیلنجز اور وکلاء کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن