وفاق اور صوبائی حکومت تعمیر و ترقی کیلئے یکسو، دہشت گردی ختم ہونے نہیں پا رہی

ایک طرف تو بلوچستان کے حوالے سے وفاق اور صوبائی حکومت ایک پیج پر متحد ہو کر صوبے کی تعمیروترقی کیلئے کوشاں ہے تو دوسری جانب دہشت گردی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اور صوبے میں حکمران سیاسی جماعت کے تنظیمی عہدیداران وزیر اعلی کے خلاف اعلی قیادت کے کان بھرنے سے باز نہیں آرہے یہی وجہ ہے کہ اعلی سیاسی قیادت کو ہر دو ماہ بعد پیپلزپارٹی کے تنظیمی عہدیداران کے اختلافات کو ختم کرنے کیلئے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کو اسلام آباد طلب کرنا پڑتا ہے جبکہ وزیر اعلی سرفراز بگٹی کو اپوزیشن کی بجائے اپنے ہی کیمپ سے مشکلات کا سامنا ہے اور صورت حال مستحکم نہیں ہو پارہی ہے جبکہ صوبے کے امن و امان کی صورتحال سیاسی استحکام کی متقاضی ہے بلوچستان سی پیک کے حوالے سے کلیدی اہمیت کا حامل ہے پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے بلوچستان میں امن ناگزیر ہے اسی لئے صدر مملکت آصف علی زرداری جو سی پیک کے معمار بھی ہیں ایک بار پھر بلوچستان کی تعمیروترقی کیلئے خود میدان عمل میں آچکے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تاجکستان سے بلوچستان تک پانی لانے پر غور کر رہا ہے، تاجکستان سے پانی لانے کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون سے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر لی گئی ہے۔’علاقائی روابط اورپاکستان، ابھرتے مواقع‘ کے موضوع پربین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں صدرمملکت  نے علاقائی روابط اوراقتصادی تعاون مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اورگوادرپورٹ علاقائی تجارت اورخوشحالی کے فروغ میں اہم کردارادا کریں گے، پاکستان کا اسٹریٹجک محل وقوع علاقائی تجارت بڑھانے کیلئے اہم  موقع ہے، پاکستان چین، وسطی ایشیا اورمشرق وسطیٰ کو جوڑنے کیلئے قدرتی تجارتی راہداری ہے۔ان کا کہنا تھاکہ طویل قید کے دوران گوادرپورٹ کا چین سمیت دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ اقتصادی مرکز کے طورپرتصورکیا، سی پیک اورگوادر ہماری آنے والی نسلوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے،  پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ علاقائی تجارت اورخوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
صدرمملکت کا کہنا تھاکہ پاکستان تاجکستان سے بلوچستان تک پانی لانے پر غور کر رہا ہے، تاجکستان سے پانی لانے کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون سے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کر لی گئی ہے۔
اسی حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں بلوچستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور علاقائی ترقی میں اس کی اہمیت مزید بڑھ رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو  اسلام ا?باد میں منعقدہ "علاقائی رابطہ اور پاکستان ابھرتے ہوئے مواقع" کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، پاک چائنہ انسٹی ٹیوٹ کے چئیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی اور تزویراتی محل وقوع اسے خطے میں ایک نئے جیو اکنامک دور کے مرکز میں لا کھڑا کرتا ہے صدیوں سے پاکستان کا خطہ تجارتی، ثقافتی اور فکری تبادلوں کا مرکز رہا ہے جو مشرق اور مغرب کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا رہا ہے انہوں نے کہا کہ آج جب دنیا مزید گہرے اقتصادی تعلقات اور انضمام کی طرف بڑھ رہی ہے پاکستان ایک بار پھر اپنی تاریخی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہے تاکہ پرامن تجارت، ثقافتی تبادلے اور اجتماعی ترقی کو فروغ دیا جا سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے گوادر پورٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ بندرگاہ خطے کی سب سے بڑی تجارتی راہداری بننے کی صلاحیت رکھتی ہے جدید بندرگاہ کی مطابقت کے تحت انفراسٹرکچر، اعلیٰ درجے کی لاجسٹک سہولیات اور کثیر الجہتی مواصلاتی روابط کے ذریعے گوادر نہ صرف پاکستان کو عالمی منڈیوں سے جوڑے گا بلکہ ہمسایہ ممالک کے لیے بھی سمندری تجارت کے ایک اہم دروازے کے طور پر کام کرے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چین، پاکستان اقتصادی راہداری کو پاکستان اور چین کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک صرف ایک بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے خاص طور پر بلوچستان کے لوگوں کے لیے جہاں نئے روزگار کے مواقع ہنر مندی کی تربیت اور کاروباری مواقع تیزی سے حقیقت بنتے جا رہے ہیں وہاں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حالیہ تکمیل چین کا تحفہ ہے جو علاقائی رابطوں کو مزید وسعت دے گا اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گاوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سی پیک کے تصور ، آغاز اور نفاذ میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے کردار کو سراہتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کے لئے ان کی کاوشوں دلچسپی اور اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے بڑے ترقیاتی منصوبے امن اور استحکام کے بغیر ممکن نہیں اس تناظر میں بلوچستان حکومت امن و امان، گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہوتی ہے جب عوام کو ترقیاتی عمل میں شمولیت کا حقیقی احساس ہو اور حکومت کی ترجیح عوام کی معاشی اور سماجی ترقی ہو، میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ذریعے علاقائی اقتصادی ترقی، توانائی تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی اقدامات میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر خطے کے ممالک اپنے وسائل کو یکجا کریں اور مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کریں تو ایس سی او پورے خطے میں ترقی و استحکام کے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوسکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت  پالیسیوں میں  شفافیت لا کر منصفانہ مواقع  کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ میر سرفراز بگٹی نے پاکستان چین انسٹی ٹیوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز ہمیں خطے کی بے پناہ اقتصادی اور تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد دیتے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اس کے ہمسایہ ممالک اور خطے کے عوام مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مل کر آگے بڑھائیں گے ۔
 وزیر اعلی اسلام آباد میں قومی صوبائی اہمیت کے حامل اہم اقدامات میں مصروف ہیں جبکہ پیپلزپارٹی بلوچستان میں اختلافات پارٹی  کمزور کررہے ہیں اور سیاست دانوں کی باہمی چپقلش کا فائدہ دہشتگرد اٹھارہے ہیں کیونکہ بلوچستان کے علاقے بارکھان میں مسلح افراد نے شناختی کارڈ دیکھ کر 7 مسافروں کو بس سے اتارا کر قتل کر دیا،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے تحصیل رکھنی میں قومی شاہراہ پر ناکہ بندی کر کے مسافر کوچ کا روکا، اور 7 مسافروں کو اتار کر فائرنگ کا نشانہ بنایا، مسافر کوئٹہ سے فیصل آباد جا رہے تھے۔جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔یہ واقعہ رکھنی کو ڈیرہ غازی خان سے ملانے والی شاہراہ پر پیش آیا۔ جہاں 10 سے 12 دہشت گردوں نے یہ حملہ کیا۔ حملے کے بعد لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ لاشوں کو رکھنی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق بارکھان واقعے کے بعد ایف سی اور لیویز، جائے وقوعہ پر پہنچیں اور سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن