لاہور(خصوصی نامہ نگار)مرکزی مسلم لیگ لاہور کے زیر اہتمام گلشن راوی، حلقہ پی پی 172 میں خواتین کی فلاح و بہبود، معاشی خودمختاری اور ہنرمندی کو فروغ دینے کیلئے ایک جدید وکیشنل ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس سنٹر میں خواتین کیلئے سلائی سینٹر اور کمپیوٹر لیب قائم کی گئی ہے جہاں وہ عملی مہارتیں سیکھ کر معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں گی۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی تھے جنہوں نے فیتہ کاٹ کر سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں حبیب الرحمن چیمہ، چوہدری معاذ اشتیاق، حنظلہ گجر اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا مرکزی مسلم لیگ کا ویژن ہے کہ ہر فرد کو عزت، ہنر اور روزگار فراہم کیا جائے ،جبکہ خالد مسعود سندھو نے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور بھارتی جارحیت پر افواج پاکستان کی بروقت، جرأت مندانہ اور فیصلہ کن کارروائی پر ہفتہ قومی یکجہتی منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا ہفتہ قومی یکجہتی کے دوران پارٹی کے تمام ذیلی شعبہ جات کسان ونگ، مزدور ونگ، خواتین ونگ، طلبا ونگ ودیگر ملک بھر میں قومی جذبے کو فروغ دینے اور دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف تقریبات،پروگراموں کا انعقاد کرینگے۔