نیو اسلامیہ پارک سلیمان میں بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ،شہریوں کی زندگی اجیرن  

لاہور(نیوز رپورٹر)شہر لاہور کے مصروف اور گنجان آباد علاقے نیو اسلامیہ پارک سلیمان سٹریٹ میں بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ علاقے میں روزانہ 10 سے 12 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے جبکہ شدید گرمی اور حبس کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ ساری رات سڑکوں اور گلیوں میں جاگنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مقامی افسران نہ صرف دفاتر سے غائب ہیں۔ بار بار رابطوں اور عوامی شکایات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ عوام اگر رابطہ کرنے کی کوشش کریں تو انہیں دھمکی آمیز رویہ اور بے حسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔تو آخر سوال یہ ہے کہ اسلامیہ پارک جیسے علاقے میں اندھیرے کیوں چھائے ہوئے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کوئی لوڈشیڈنگ نہیں بلکہ سوچی سمجھی نااہلی اور مجرمانہ لاپرواہی ہے، جو ناقابل معافی ہے۔اہل علاقہ نے وفاقی وزیر توانائی، وزیر اعلیٰ مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا جب اضافی بجلی موجود ہے تو ہم اندھیرے میں کیوں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن