ہرنیہ کے مسئلہ کیساتھ پیدا ہوا‘سکواش کھیلنا معجزہ تھا : جہانگیر خان 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سکواش کے لیجنڈ پلیئر جہانگیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ میرا سکواش کھیلنا ایک معجزہ تھا۔جہانگیر خان نے مسلسل 555 میچز جیتنے کا ناقابلِ شکست عالمی ریکارڈ قائم کیا، انہوں نے بتایا کہ ان کا سفر سکواش میں کسی خواب سے کم نہیں۔ میری پیدائش کے وقت ہی ڈاکٹروں نے میرے والد سے کہہ دیا تھا کہ یہ بچہ آپ کے خاندان کے دوسرے مردوں کی طرح سکواش نہیں کھیل سکے گا، کیونکہ میں ہرنیہ کے مسئلے کیساتھ پیدا ہوا تھا۔ 5 اور 12 سال کی عمر میں میری دو بڑی سرجری ہوئیں اور دوسری سرجری کے بعد ڈاکٹرز نے والدین کو واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ اس بچے کا سکواش سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔ میری ماں میری سب سے بڑی طاقت تھیں، میرے والدین نے کبھی ہار نہیں مانی اور میں نے بھی ہمت نہیں چھوڑی، 16 سال کی عمر سے پہلے ہی میں نے اپنی محنت شروع کردی اور ایک کے بعد ایک چیمپئن شپ جیتتا گیا۔ میرے وہی ڈاکٹر جنہوں نے کبھی میرے کھیلنے کے خواب کو رد کردیا تھا بعد میں میرے میچز باقاعدگی سے دیکھتے تھے اور ہر بار حیران ہوتے تھے۔

ای پیپر دی نیشن