بانی پی ٹی آئی کی طرح مودی بھی اپنی پھیلائی نفرت کا شکار ہوئے: رانا ثنا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ / آئی این پی) مشیر وزیراعظم رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان کے خلاف نفرت پھیلائی۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ مودی اب اپنی پھیلائی گئی نفرت میں پھنس چکے ہیں۔ مودی سرکار نے مس ایڈونچر کیا اور ہزیمت اٹھانا پڑی۔ ایک سوال پر کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی اقتدار میں تھے اس وقت بھی نفرت پھیلا رہے تھے ہم نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف نفرت نہیں پھیلائی چیلنج کیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے جو نفرت پیدا کی اس کا وہ خود شکار ہوئے۔ انہوں نے گالم گلوچ بریگیڈ تیار کیا وہ انہیں لے بیٹھا۔ امریکہ میں اداروں کے خلاف قراردادیں منظور کرانے کی کوشش کی گئی۔ پی ٹی آئی لابی کا ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا ہمیں امریکہ سے جو سپورٹ ملی اس کی توقع نہیں تھی۔ امریکہ نے مسئلہ کشمیر دوبارہ زندہ کر دیا۔ رانا ثناء اللہ ایل او سی زیرو پوائنٹ بگنہ پہنچ گئے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے علی احمد بٹ کے ورثاء سے اظہار تعزیت، فاتحہ خوانی کی اور شہید کے والد کو فیڈرل گورنمنٹ کی طرف سے ایک کروڑ کا امدادی چیک دیا۔ رانا ثناء اللہ  نے کہا ہے کہ  جنگ بندی برقرار رہنی چاہیے اور عالمی برادری کو بھارت پر دبائو رکھنا چاہیے۔ دوبارہ بھارتی جارحیت ہوتی ہے تو پاکستان پھر سے بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔ رانا ثناء نے کہا کہ میں اپنے تجربے کی بنیاد پر یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر میاں نواز شریف اس معاملے کو پورا ٹیک اوور کر لیتے اور روزانہ بیان جاری کرتے تو مخالفین کی جانب سے ان پر تنقید پھر بھی ہونا تھی پھر لوگ یہ کہتے کہ وزیر اعظم شہباز شریف تو چپ ہیں وہ تو سامنے ہی نہیں آرہے۔ نواز شریف خاموش پھر بھی نہیں تھے انہوں نے پیچھے رہتے ہوئے وفاق اور حکومت پنجاب کی رہنمائی کی اور مشورے دئیے۔

ای پیپر دی نیشن