لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین چین کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔صوبائی وزیر نے دورے کے دوران چین کی 15 سے زائد بڑی سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتیں کیں اور چین کے 4 بڑے سرمایہ کار گروپوں کے ساتھ پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے، ان معاہدوں کے تحت پنجاب میں نئے کارخانے لگیں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چین کی’وی وو‘ موبائل کمپنی نے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں آپنا کارخانہ لگانا شروع کر دیا اور آئندہ 2 سال میں یہ کارخانہ مکمل ہو گا اور موبائل فون پنجاب میں بننا شروع ہو جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے دورے کے دوران 6 سے زائد فیکٹریوں کا وزٹ بھی کیا اور پیداواری عمل کا جائزہ لیا۔