لاہور(خبرنگار) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے وزیراعلی مریم نواز کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر ٹائون ہال میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے شہریوں کی سہولت کیلئے یہ وزیراعلی کا ایک تاریخی اقدام ہے جس سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، وزیراعلی کے معاونین خصوصی ذیشان ملک، راشد اقبال، ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا، ایم ڈی واسا سید غفران احمد اور چیف آفسیر شاہد عباس کاٹھیہ بھی موجود تھے۔ ذیشان رفیق نے کہا وزیراعلی نے لاہور کیلئے 137 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی ہے۔ پروگرام کا فوکس لاہور کے ماضی میں نظرانداز شدہ علاقے ہیں۔ پہلی بار دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرز پر لاہور کی گلیوں کو پہلی بار خوشنما رنگوں والی ٹائلز سے بنایا جا رہا ہے۔ پارکوں، سڑکوں، سیوریج سسٹم کی بحالی بھی اسی پروگرام کا حصہ ہے۔ ہر شہری کو بنیادی خدمات کی فراہمی وزیراعلی کا ویژن ہے۔ ایل ڈی پی کے تحت لاہور کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ۔ پہلے مرحلے کے دوران 6 زونز میں کام شروع ہے۔