لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 10 میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے ۔پہلا میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دن ساڑھے تین بجے پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائیگا ۔ میچ رات 8بجے پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں ہی کھیلا جائیگا۔ کپتان محمد رضوان کی خواہش ہے کہ ملتان سلطانز آخری میچ جیت کر پی ایس ایل کا اختتام کرے۔ ملتان سلطانز نے اس میچ کیلئے اپنے سکواڈ میں دو غیرملکی کھلاڑیوں کے علاوہ اپنی ڈیولپمنٹ ٹیم جے ڈی ڈبلیو کے پانچ کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے۔محمد رضوان نے کہاہے کہ ملتان سلطانز سے جو توقعات وابستہ کی گئی تھیں وہ پوری نہیں ہوسکیں لیکن اب ہم کوشش کریں گے کہ یہ آخری میچ جیتیں کیونکہ ہمیں کرکٹ سے محبت ہے چاہے وہ انٹرنیشنل کرکٹ ہو یا فرنچائزکرکٹ۔رضوان کو امید ہے کہ اس آخری میچ سے چند اچھے نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے جیسا کہ ہم نے اس سے قبل شاہد عزیز کی شکل میں ایک باصلاحیت کھلاڑی دیکھا ہے۔ملتان سلطانز نے اپنے آخری میچ کیلئے جس پندرہ رکنی سکواڈ کو حتمی شکل دی ہے اس میں سری لنکا کے24 سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بائولر دلشن مادوشانکا اور آسٹریلیا کے26 سالہ لیگ سپنر پیٹر ہیٹزوگلو شامل ہیں۔ ڈیولپمنٹ سکواڈ جے ڈی ڈبلیو کے جن پانچ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا ہے ان میں علی عمران‘ ہمایوں الطاف‘ جہانزیب سلطان‘ محمد جنید اور محمد ذوالکیفل شامل ہیں جن کی پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو میں پرفارمنس بہت عمدہ رہی ہے۔