اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) آئی ایم ایف کا بجٹ مشن مئی کے وسط میں متوقع ہے، مشن کے ساتھ تمام معاملات درست سمت میں رہے تو آئندہ مالی سال کا بجٹ عید قربان سے پہلے پیش کر دیا جائے گا۔ ذرایع نے بتایا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کو بھی اس سلسلے میں اعتماد میں لیا گیا ہے۔ ملک میں عید قربان ہفتہ 6 یا 7 جون کو متوقع ہے جس کی وجہ سے سرکاری چھٹیاں ہوں گی۔ حکومت کے پاس بجٹ پیش کرنے کے لیے تین سے پانچ جون کے ایام دستیاب ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے مشن کے ساتھ ریونیو کے امور طے ہونا ہے، جس کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ٹیکسیشن کی تجاویز زیر غور آئیں گی۔ آئندہ مالی سال کے لیے ریونیو کا بڑا ہدف مقرر کیا جائے گا جس کے حصول کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ مشاورت کے بعد تنخواہ دار طبقے، رئیل اسٹیٹ اور دیگر سیکٹرز کے لیے مراعات پر حتمی فیصلے ہوں گے۔