لاہو (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)وزیراعلی مریم نواز نے وزراء کے ہمراہ پرچم کشائی کرکے’’یوم تشکر ومعرکہ حق‘‘ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزراء، مشیران، معاونین خصوصی اور اعلی صوبائی سرکاری افسروں نے تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور دعا بھی کی گئی۔ وزیراعلی کی قیادت میں یوم تشکر ومعرکہ حق کی تقریبات میں عوام نے بھرپور شرکت کی۔ نماز فجر میں خصوصی طور پر ملک وقوم کی سلامتی اور امن کے لئے دعائیں کی گئیں۔ صوبہ بھر میں معرکہ حق ویوم تشکر کی تقریبات میں قرآن خوانی کی گئی۔ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے شہداء کرام کے لئے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعائیں کی گئیں جبکہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے زخمی ہونے والے شہریوں، افسروں اور جوانوں کی صحت یابی کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ استحکام پاکستان اور ملک وقوم کی ترقی کے لئے مساجد میں خصوصی دعا کی گئی۔ صوبہ بھر میں شہداء کے مزاروں پر پھول چڑھائے گئے اور سرکاری ونجی عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم بھی لہرائے گئے۔ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ صوبہ بھر میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں معرکہ حق و یوم تشکر کی خصوصی تقریبات بھی ہوئیں۔ وزیراعلیٰ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو فتح مبارک ہو۔ پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔ افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ نڈر لیڈر شپ، دلیر افواج پاکستان اور متحد قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا مرہون منت ہے۔ ہم امن کے داعی ہیں مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی۔ موجودہ سیاسی صورتحال، قومی سلامتی، ترقیاتی منصوبوں اور پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب کی پہلی بلٹ ٹرین اور ہائی سپیڈ ٹرین پراجیکٹس پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ حنیف عباسی نے سی ایم لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ فیز ٹو کی کامیابی کو سراہا۔ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص قومی سلامتی کے تحفظ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت قوم کے مکمل اتحاد کا ثبوت ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ جانوں کے نذرانے دے کر وطن عزیز کو محفوظ رکھا ہے۔ آج کا پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم اپنی افواج اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا حل صرف سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور ترقیاتی تسلسل میں ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ پنجاب کے عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ بلٹ ٹرین اور جدید ریلوے نیٹ ورک سہولت سمیت معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔ حنیف عباسی نے کہاکہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ایک بار پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب کے نوجوانوں کا ماں کی طرح خیال رکھ رہی ہیں۔