اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان کی عدالت نے امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے درخواست میں ترمیم کی استدعا منظور کرتے ہوئے وکیل عمران شفیق کو ایک ہفتہ میں ترمیم شدہ پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار عمران شفیق اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے علاوہ عدالتی معاون زینب جنجوعہ عدالت بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیاکہ حکومت کیوں اس درخواست کو نمٹانا چاہتی ہے‘ اس میں حکومت کا کیا فائدہ ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ہم اس کیس میں جس حد جو کچھ کر سکتے تھے کر چکے ہیں۔ جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے کہاکہ یہ لمبی جہدوجہد والا کام ہے، عافیہ صدیقی کیس اب ایک تحریک بن چکی ہے،اس پٹیشن کو ختم کرنے سے مسئلہ ختم نہیں ہوگا نہ حل ہوگا۔اس کیس میں جو جو اقدامات حکومت کے تھے وہ اس عدالت نے کیے، عدالتی حکم کی وجہ سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو امریکہ کا ویزا ملا‘عدالتی حکم کی وجہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی کی پٹیشن میں وزیراعظم نے خط لکھا‘عدالت کی مداخلت کے بعد ہی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی انکی بہن عافیہ صدیقی سے ملاقات ممکن ہو سکی‘عدالت کے حکم پر پاکستانی وفد امریکہ گیا اور عافیہ صدیقی سے ملاقات بھی ہوئی۔