منفی بھارتی رویہ، جنگ بندی متاثر ہو سکتی، پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، بلاول

اسلام آباد؍ کراچی (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت کے منفی رویہ کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر متاثر ہو سکتا ہے، جو خطے اور دنیا کے لیے خطرناک ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے عسکری اور سفارتی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کیں اور دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا مگر دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق، مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کی شمولیت پاکستان کی بڑی سفارتی فتح ہے، جبکہ بھارت ہمیشہ اسے اندرونی معاملہ قرار دیتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیز فائر کو امن کی بنیاد بنانا چاہتا ہے اور تمام تنازعات، بشمول کشمیر، مذاکرات سے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے، جبکہ بھارت پر دریائے سندھ کے پانی کو ہتھیار بنانے اور دہشتگردی میں ملوث ہونے کے الزامات بھی موجود ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا موجودہ صورتحال میں چین، ترکیہ اور سعودی عرب کا کردار قابل تحسین ہے، اور بھارت کا مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنا پاکستان کی سفارتی فتح ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے  برطانیہ کے وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی  نے  ملاقات کی ۔ اس موقع پر پاکستان بھارت حالیہ کشیدگی سمیت دوطرفہ تجارتی، سماجی اور ثقافتی تعلقات میں اضافے اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن