بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی، کھلی جیل میں تبدیل کر دیا: حریت کانفرنس

برسلز+ سری نگر (کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے امریکہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے امن، انصاف اورمقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے جائز سیاسی مطالبات کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اورکشمیریوں کوانکے سیاسی حقوق سے محروم رکھنے پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے ۔ دنیا میں امن، رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کیلئے یہ دن ہر سال 16 مئی کو منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی چھائونی اور کھلی جیل میں تبدیل کردیاہے جس کی وجہ سے وہاں غیر یقینی صورتحال ہے۔ جبکہ ضلع راجوری میں ایک 23 سالہ نوجوان پراسرار طور پر مردہ پایا گیا۔ ذہین شاہ نامی نوجوان کی لاش ضلع کے علاقے بدھل میں راتھر منڈی پل کے قریب سے ملی۔ دوسری جانب یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے عالمی برادری بالخصوص یورپی یونین اور دیگر عالمی طاقتیں اپنا مثر کردار ادا کریں۔یورپی پریس کلب برسلز میں مسئلہ کشمیر کا حل۔ جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام منعقد ہواجس کی مہمان مقرر ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی علمبردار ماریان لوکس تھیں اور دیگر مقررین میں انسانی حقوق کے کارکن، کشمیری اور پاکستانی رہنما اور سول سوسائٹی کے نمائندے اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شامل  تھیں۔اپنے خطاب کے دوران انسانی حقوق کی علمبردار ماریان لوکس نے عالمی برادری، خصوصا یورپی یونین سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی طاقتوں کی موجودگی میں اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو ایک خطرناک سانحہ جنم لے سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن