کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنے سکھ چین کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کو سکھ اور سکون فراہم کرنے کے لیے جیتے ہیں ایسے لوگ اپنے اچھے کاموں اور اچھی کارکردگی کی وجہ سے ہمیشہ لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں جنہیں وقت اور لوگ کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے
جس طرح آج کل سی ٹی او ٹریفک لاہور ڈاکٹر اطہر وحید صاحب اپنے اچھے کاموں اور بہترین کارکردگی کے باعث لوگوں کے دلوں میں گھر کر رہے ہیں جس پر یہ ان اچھے اقدامات کی وجہ سے خراج تحسین کے مستحق ہیں اور ساتھ ہی انہیں اس لحاظ سے تاریخ بھی یاد رکھے گی انہوں نے آتے ہی لاہور کے مختلف مقامات جہاں پر ناجائز تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی آمد و رفت میں شہریوں کو جو شدید مشکلات کا سامنا تھا انہوں نے ایسے مقامات جن میں ریلوے اسٹیشن پر لگنے والے لنڈا بازار،شاہ عالم مارکیٹ اور دیگر ایسے روڈ جن پر دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے قبضہ جما رکھا تھا وہاں سے ان ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کر کے نہ صرف ان مقامات کو خوبصورت بنایا بلکہ ایسے روڈ میں سے گزرنے والی ٹریفک جن پر سفر کرنے والے لوگوں کا ٹریفک کی بندش کی وجہ سے بہت سارا وقت ضائع ہو جاتا تھا اور انتہائی مشکلات سے گزر کر کئی گھنٹوں کی تاخیر سے منزل پر پہنچنا پڑتا تھا ان کی مشکلات کا ازالہ کیا اب ان کے اس اقدام سے سڑکوں سے گزرنے والے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
ایک اور خوبصورت اقدام ٹریفک آگاہی بذریعہ راستہ ایف ایم ریڈیو(6۔88) کا قیام ہے جس کے ذریعے لاہور کی مختلف سڑکوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو اس ریڈیو ایف ایم کے ذریعے راستے کی آگاہی سے متعلق بتایا جائے گا کہ آگے سڑک پر کام ہو رہا ہے یا کوئی جلسہ جلوس ہو رہا ہے یا پھر کسی وجہ سے ٹریفک بند ہے لہذا آپ متبادل راستہ اختیار کر لیں اس طرح اس اقدام سے شہریوں کا بہت سارا وقت ضائع ہونے سے بچ جائے گا۔
اس کے ساتھ سرکاری سطح پر ڈرائیونگ سکولز کا قیام اور ایجوکیشن یونٹ کا قیام یہاں پر لوگوں کو ڈرائیونگ سکھانے کے ساتھ انہیں ٹریفک قوانین کے حوالے سے ایجوکیٹ کیا جائے گا کیونکہ بہت سارے ایسے لوگ بھی ہیں جو گاڑی لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں مگر انہیں ٹریفک قوانین کے متعلق بالکل بھی کوئی آگاہی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔ اور اس مہنگائی کے دور میں جو لوگ ہیلمٹ نہیں خرید سکتے ان کی سیفٹی کے لیے ہیلمٹ کی مفت تقسیم،گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والوں کے لیے سیٹ بیلٹ کا لازمی قرار دینا،شہریوں کے لیے ای چالاننگ اور ٹریفک کی نگرانی سیف سٹی کے ذریعے جیسے تمام اقدامات قابل ستائش ہیں۔
حال ہی میں ڈاکٹر اطہر وحید کا قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے حوالے سے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق انچارج سکیورٹی انسپکٹر شکیل احمد نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی اسی دوران انہوں نے انٹری، ایگزٹ پوائنٹس اور پارکنگ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں رانگ پارک ہرگز نہ کریں اور مقررہ پارکنگ پلان کے تحت اپنی گاڑیاں پارک کریں شہری پارکنگ پلان کی تفصیلی معلومات ٹریفک پولیس لاہور کے سوشل میڈیا پیجز سے بھی حاصل کر سکتے ہیں ٹریفک کی لمحہ بہ لمحہ معلومات کے حصول کیلئے ٹریفک ایف ایم (6۔88) ٹیون رکھیں ان کا یہ انداز بھی قابل ستائش ہے انہوں نے اپنے دفتر میں گزشتہ دنوں بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹریفک پولیس افسران میں سرٹیفیکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام سٹاف کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ اسی طرح جانفشانی اور لگن سے کام کریں۔ ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے۔ ہمیشہ لوگوں سے خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔ محنت اور ایمانداری سے کام کرنے والی قومیں ہی زندگی میں آگے بڑھتی ہیں۔