اسلام آباد (وقائع نگار) قومی اسمبلی کے اجلاس میں سندھ اور خیبر پی کے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر اراکین نے احتجاج کیا اور حکومت سے لوڈمینجمٹ میں نظر ثانی کا مطالبہ کردیا۔ ایوان کو بتایا گیا کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں 23ہزار 456پاکستانی قید ہیں۔ پاکستانی پاسپورٹ دنیا میں 103ویں نمبر پر، صرف 35ممالک میں ویزا فری ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ایوان زیریں کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے کیا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت ہوا تو وقفہ سوالات کے دوان وزارت خارجہ کی جانب سے ایوان کو تحریری طورپر آگاہ کیا گیا کہ دنیا بھر میں مختلف ممالک میں 23 ہزار 456 پاکستانی قید ہیں جن میں سے سعودی عرب میں 12 ہزار 156 اور یو اے ای میں 5 ہزار 292 پاکستانی شہری قید ہیں۔ حکومت ان کی رہائی کے لیے سفارت خانوں کے ذریعے انہیں سہولت فراہم کررہی ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے ایم این اے نور عالم خان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کے پاس ووٹنگ کا حق ان کے پاس موجود ہے تاہم پارلیمنٹ میں انہیں سیٹیں دینے کا فیصلہ ایوان نے کرنا ہے۔ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی سیکرٹری زرتاج گل نے کہا مخصوص نشتیں پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کا حق ہے۔ این سی ایس ڈبلیو نے کتنی مرتبہ کہا ابھی تک عادل بازئی کو کیوں قائمہ کمیٹی کا چیئرپرسن نہیں بنایا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری صبا صادق نے کہا کہ خواتین کا یہ کام نہیں کہ ملک اور قوم کو توڑیں، خواتین کو اپنی ڈیوٹیز کو بھی دیکھنا چاہئے۔ زرتاج گل کا صبا صادق کے جواب پر اعتراض ڈپٹی سپیکر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ سوال بھی سیاسی نہیں ہونے چاہئیں اور جواب بھی سیاسی نہیں ہونے چاہئیں۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ایوان کو بتایا کہ جون 2024 سے ابھی تک ایک کروڑ 80 لاکھ صارفین کے لئے ریٹس میں 56 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو مہینے میں فیصل آباد ریجن میں 35 فیصد انڈسٹریل ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ اگلے تین سال کے لئے 7 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی موجود ہے۔ ہمارے پاس سستی بجلی موجود ہے۔ ایوان نے انکم ٹیکس ترمیمی بل زیر غور لانے کی تحریک پر رائے شماری کثرت رائے سے منظور کرلی۔ اجلاس ابھی جاری تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ملک عامر ڈوگر نے کورم کی نشاندہی کردی۔ اپوزیشن ارکان نے ایوان سے واک آٹ کردیا۔ کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے ایوان کی کارروائی آج تک کے لیے ملتوی کردی۔