کراچی (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) پیپلزپارٹی نے آج یوم تشکر منانے کا اعلان کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ دہشتگرد بھارت نے پہلگام کو بیانیہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا۔ افواج نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنا عدالت کے ہاتھ میں ہے۔ پاکستانی قوم اپنی تاریخی فتح کا جشن منا رہی ہے، پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخی کارنامہ انجام دے کر پوری دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا معترف بنا دیا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 70 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی اور پاک فوج نے دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔ دہشت گرد بھارت نے ایک پرامن پاکستان پر جنگ مسلط کی۔ پاکستان نے پہلگام واقعے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور جنگی محاذ پر بھارت کے خلاف بھرپور کامیابی حاصل کی۔