پاکستان کو دنیا کی سب سے بڑی قوت بنانا چاہتے : مریم نواز فیصل آباد میں میٹرو‘الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان 

فیصل آباد +لاہور (نمائندہ خصوصی +نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب میں اہم اور بڑے اعلانات کیے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اگلے سال فیصل آباد میں میٹرو بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فیصل آباد میں گرین الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان  بھی کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے فیصل آباد کیلئے لاہور کی طرز پر فیصل آباد ڈویلپمنٹ پلان لانے‘ فیصل آباد ڈیژن کے شہروں کے ساتھ ساتھ گاؤں کو بھی ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا کی سب سے بڑ ی قوت اور طاقت بنانا چاہتے ہیں۔ سب کی نیت ٹھیک تھی تو پاکستان کو تاریخی فتح ملی۔ اگر عوام اور قیادت متحد نہ ہوتی تو دشمن کے خلاف تاریخی فتح نہ حاصل کرسکتے۔ تاریخی فتح پر قوم کو متحد اور یکجان بنا دیا۔ کامیابی پر فخر نہیں، عا جزی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ آج میرا اور ہم سب کا سر فخر سے بلند ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر لحاظ سے بڑے دشمن سے سامنا تھا، مقابلہ کیا، افواج پاکستان نے جنگ لڑی، پوری قوم ساتھ کھڑی تھی۔ ہم نے صرف جنگ ہی نہیں جیتی بلکہ قوم کا روشن مستقبل یقینی بنایا۔ نفرت اور تقسیم پھیلانے والوں کی باتوں میں نہیں آنا۔ ہر نوجوان کا قدم ملک وقوم کی سلامتی کیلئے ہونا چا ہیے۔ وطن کا مستقبل طلبہ کے ہاتھ میں ہے۔ وردی کو ڈنڈے پر لٹکا کر مذاق اڑایا گیا، آج یہی وردی پوش جوان سرحدوں پر ہماری حفاظت کیلئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا جذبہ دیکھ کر دل کو تسلی، اطمینا ن اور مسرت ہوتی ہے، اپنے طلبہ پر فخر ہے۔ جنگ جیتنے سے بڑا خوشی کا لمحہ کوئی نہیں ہوسکتا۔ بچوں سے کہتی ہوں کہ کسی کے اقتدار کی ہوس کا شکار نہ بنیں۔ پاکستان کے نوجوانوں نے نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا۔ لیپ ٹاپ اور سکالر شپ طلبہ پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ میں عوام کی امانتوں کی امین ہوں، سب کچھ بیٹے اور بیٹیوں کا ہے۔ بچوں کے ہاتھ میں لاٹھی اور اسلحہ اچھا نہیں لگتا، لیپ ٹاپ اچھے لگتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پراجیکٹس کا معائنہ کرنے کے دوران سبزی کے نرخ چیک کیے، اللہ کا شکر ہے اشیاء کے نرخ نیچے آرہے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو لیپ ٹاپ اور سکالر شپ دینا چاہتی ہوں۔ ہمارے بچے لائق، ذہین اور محنتی ہیں، ہمار ا مستقبل انہی سے روشن ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جن جہازوں کو گرایا اور جلایا گیا، انہی  جہازوں اور لوگوں نے جنگ لڑی۔ انڈیا کہتا تھا کہ رافیل طیارہ گرایا نہیں جا سکتا، ہم نے جے ایف تھنڈر سے گرا کر دکھا دیا۔ محمد نوازشریف نے کہا تھا کہ ہم 9مئی والے نہیں 28مئی والے ہیں۔ آج نوجوانوں کا جوش و خروش بتا رہا ہے، ہم  9مئی والے نہیں 10اور 28مئی والے لوگ ہیں۔ 28 مئی کو ہم نے مقابلہ 5اور 6سے جیتا تھا، 10مئی کو مقابلہ 6 /زیرو سے جیتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میرے بیٹے اور بیٹیاں 10مئی کے جانشین ہیں، سبز ہلالی پرچم نہیں گرنے دیں گے۔ فضائیہ کے شاہینوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فیصل آباد کے 12ہزار طلبہ کی طرف سے وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف ظہیر بابر سندھو کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ جنگ میں زخمی ہونے والے شہریوں اور جوانوں کی دیکھ بھال کرنے پر سب کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین  پیش کرتی ہوں۔ شہداء اور غازیوں کی بے مثال خدمت اور دیکھ بھال کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر رانا سکندر حیات، سیکرٹری ڈاکٹر فرخ نوید اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تقریب کے آخر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے۔

ای پیپر دی نیشن