لاہور(نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں سکول کی 2کمسن طالبات سمیت 5افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے ،حادثہ ڈمپر کی بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا جس نے 3رکشوں اور 2موٹرسائیکلوں کو روند ڈالا، بتایا گیا ہے جی ٹی روڈ پر آخری منٹ اسٹاپ پر تیز رفتار ڈمپر نے 3رکشوں اور 2موٹرسائیکلوں کو روند ڈالا، رکشہ سواریوں سمیت ڈمپر کے نیچے دب گیا، حادثے میں 5افراد جاں بحق اور 4شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ ڈمپر کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیااور حادثے کا باعث بننے والا ڈمپر ایل ڈبلیو ایم سی کا ہے، حادثے کے بعد تیز رفتار ڈمپر الٹ گیا جبکہ ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔جاں بحق افراد کی عمریں 20سے 30سال کے درمیان ہیں۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 50سالہ دائود، 60سالہ رفاقت ، 7سالہ حفظہ ، 11سالہ امہ شکیل اور 22سالہ حافظہ رابعہ شامل ہیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق رکشہ مکمل طور پر ڈمپر کے نیچے دبنے سے پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔پولیس کی ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کر دی گئیں ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حادثے میں 5افراد کے جاں بحق بحق ہونے پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔ جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔انہوں نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو حادثے کے ذمہ داران کا تعین کرکے سخت ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب ڈمپر ڈرائیور کو فوری گرفتار کرکے، سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔