کئی وارداتیں‘ شہری لٹ گئے‘ ڈاکوؤں کی فائرنگ ‘نوجوان جاں بحق‘ سسر زخمی 

لاہور‘فیروزوالہ(نامہ نگاران)شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے باغبانپورہ میں فرید کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بناکر 5 لاکھ‘ زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، مانگا منڈی میں نعیم کی فیملی سے 3 لاکھ 85 ہزار‘زیورات اورموبائل فون،ہربنس پورہ میں بدر سے 2 لاکھ 45 ہزار‘ موبائل فون،گلشن راوی میں اسد سے ایک لاکھ 40 ہزار ‘ موبائل فون،ساندہ میں کاشف سے ایک لاکھ 12ہزار‘ موبائل فون، شاہدرہ میں رمضان سے ایک لاکھ 65 ہزار‘ موبائل فون،یکی گیٹ دانش سے35 ہزار ‘ موبائل فون، ٹاؤن شپ میں فخر سے 27 ہزار‘ موبائل فون،سندر میں امیر سے 14ہزار‘ موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے گرین ٹاؤن،قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ اور مانگا منڈی سے 3 گاڑیاں جبکہ راوی روڈ،کاہنہ، مصطفی آباد، غالب مارکیٹ، غازی آباد،نصیر آباد،سندر اور چوہنگ کے علاقوں میں سے 8 موٹر سائیکل چوری کرلئے ۔فیروزوالہ‘ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ کوٹ پنڈی داس روڈ پر ڈاکووں نے موٹرسائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کر دی‘ جس کے نتیجہ میں نوجوان نعیم شہزاد جاں بحق جبکہ اس کا سسر محمد عباس شدید زخمی ہوگئے‘ بیگم کوٹ کا رہنے والا نوجوان نعیم شہزاد اپنے سسر محمد عباس کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہو کر وہ نالہ ناصر جا رہے تھے۔

ای پیپر دی نیشن