شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن پنجاب اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور سیاسی ومعاشی استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ پاکستان کے عوام کو آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے بعد پاکستان کا مقام عالمی سطح پر مزید بلند ہوا ہے اور پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوام کے جذبہ حب الوطنی کو دنیا بھر میں بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی سیاسی و معاشی استحکام سے وابستہ ہے جس کیلئے حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ (ن) لیگ اور خدمت کا پرانا ساتھ ہے، ایٹمی دھماکے کے بعد اب بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا سہرا بھی نواز لیگ کی قیادت کے سر سجا ہے جس پر اللہ تعالیٰ کے مشکور ہیں، جس نے ملکی دفاع کی خاطر مثالی کردار ادا کرنے کا موقع عطا فرمایا اور پارٹی قیادت سرخرو ہوئی۔