اسلام آباد (اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس کی صدارت کی جس میں 355.736 ارب روپے مالیت کے 9 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں میں ٹرانسپورٹ، توانائی، تعلیم، آبی وسائل، تجارتی سہولیات، سیاحت اور آفات کے بعد بحالی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔ خیبر پی کے کے لئے منظور شدہ منصوبوں میں دیہی علاقوں میں آمد و رفت کی بہتری اور مربوط سیاحتی ترقیاتی منصوبہ شامل ہیں۔ دیگر اہم منظوریوں میں سندھ میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لئے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اقدامات، سندھ میں ابتدائی تعلیم کے کلاس رومز کی بہتری اور کوئٹہ میں منگی ڈیم کی تعمیر کے ساتھ واٹر کنویئنس سسٹم کی شمولیت شامل ہے۔ کمیٹی نے 100 ڈیزل الیکٹرک لوکوموٹیوز کی خصوصی مرمت، اسلام آباد اور برہان میں ٹرانسمیشن نظام کو مضبوط بنانے، مربوط ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم کی ترقی، ایف بی آر کے ذریعہ کسٹمز ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کے قیام اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی۔