لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا مودی کی حالیہ تقریر سے شرارت اور جارحیت کی بو آ رہی ہے۔ مودی پر ہرگز اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ وہ کسی وقت بھی پھر جارحیت کر سکتا ہے۔ افواجِ پاکستان نے بھارت کو گھس کے اتنا مارا ہے کہ مودی باؤلا ہو چکا ہے۔ وہ اپنی خفت مٹانے اور اپنے آپ کو کڑی تنقید سے بچانے کیلئے کوئی قدم بھی اٹھا سکتا ہے۔ پاکستانی حکمرانوں کو امریکہ پر واضح کر دینا چاہیے کہ پاکستان ہرگز امریکہ کی کوئی کالونی نہیں ہے۔ امریکہ ہمیشہ پاکستان پر بھارت کو ترجیح دیتا آرہا ہے اور اب بھی اس کا وزن بھارت کے پلڑے میں ہے۔ پاکستانی حکام کا ٹرمپ کو اپنا خیر خواہ سمجھنا خود فریبی کے علاوہ کچھ نہیں۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کل پورے پاکستان میں ’’یومِ بنیان مرصوص‘‘ منانے کا اعلان کر دیا۔ جمعۃ المبارک کے موقع پر جہاداسلامی کی فضیلت بیان کی جائے گی اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ پاکستان کی فتح پر ’’یومِ تشکر‘‘ منایا جائے گا اور نمازِ جمعہ کے بعد ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ’’یومِ بنیان مرصوص‘‘ کانفرنس‘‘ سے خطاب کریں گے۔