لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام بارے جائزہ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔اے آئی جی ڈویلپمنٹ محمد عبداللہ لک نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے سپلیمنٹری گرانٹس کے استعمال بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے جاری ترقیاتی منصوبوں کو 30 جون تک بہرصورت مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت 40 شہروں میں سیف سٹیز کیمروں کا جال بچھایا جا چکا ہے۔ پنجاب کی 96 نئی سمیت 144 تحصیلوں میں سیف سٹیز کے دائرہ کار کو وسعت دی جارہی ہے۔ اگلے سال تک پنجاب کی 7 ہزار یونین کونسلز میں سیف سٹیز منصوبہ مکمل کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے سمارٹ پولیس سٹیشنز، سرحدی اور دریائی چیک پوسٹوں کا تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پولیس ٹریننگ سنٹرز، پولیس لائنز میں بیرکس اور ہاسٹلز کی اپ گریڈیشن کے امور میں تیزی لائیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت متعلقہ افسران نے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔