پاکستان ‘ بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے روس کردارادا کرے : چیئر مین سینٹ 

ماسکو+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے روس پاکستان اور بھارت کے مابین موثر کردار ادا کرے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ماسکو میں رشین فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماٹویینکو نے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارتکاری، امن، تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا پاکستان ہمیشہ تمام تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کا حامی رہا ہے، خطے کے امن کی بقاء کے لئے پاکستان نے اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل اور مذاکرات کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے روس، پاکستان اور بھارت کے مابین موثر کردار ادا کرے۔ پاکستان اور روس کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں، مضبوط تعلقات نہ صرف باہمی خوشحالی بلکہ محفوظ اور مستحکم خطے کے لیے بھی اہم ہیں۔ روسی قیادت کو یوم فتح کی 80 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہیں۔ ویلنٹینا ماٹویینکو نے کہا کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات سید یوسف رضا گیلانی کے بطور وزیراعظم اور چیئرمین شپ کے ادوار میں نئی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ دوران ملاقات فریقین کی جانب سے پارلیمانی مفاہمتی یادداشت کے تحت تعاون کے فروغ میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جیوپولیٹیکل کشیدگی کے تناظر میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور قانون کی حکمرانی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی الزامات کو مسترد اور آزاد تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی مذمت کرتا ہے جو خطے کے آبی تحفظ کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست ہے اور عالمی یکجہتی کا منتظر ہے۔

ای پیپر دی نیشن