لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 10 کا حتمی شیڈول جاری کرتے ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کی بقیہ میچز کیلئے دوبارہ پاکستان آنے کی تصدیق کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ بقیہ 8 میچز کھیلنے کیلئے اب تک ہامی بھرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں میں کراچی کنگز کے کپتان آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ، بین میک ڈرموٹ اور انگلینڈ کے جیمز ونس شامل ہیں۔لاہورقلندرز کے آل راؤنڈر زمبابوے کے سکندر رضا ، پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر انگلینڈ کے لیوک ووڈ ، ٹام کوہلر کیڈ مور اور افغانستان کے نجیب اللہ زدران بھی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل سری لنکا کے کوشل مینڈس بھی بقیہ میچز کھیلیں گے۔ پی ایس ایل کے بقیہ آٹھ میچز 17سے25 مئی تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں لیگ کے آخری چار میچز کھیلے جائیں گے۔قذافی سٹیڈیم لاہور پلے آف مرحلے کی میزبانی کریگا جس میں فائنل بھی شامل ہے۔نئے شیڈول کے تحت 17 مئی کو راولپنڈی میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کھیلا جائیگا۔18 مئی کو راولپنڈی میں ڈبل ہیڈر میں پہلا میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ہوگا۔ اسی روز لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔9 1مئی کو راولپنڈی میں آخری لیگ میچ اسلام آباد یونائٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائیگا۔21 مئی کو لاہور میں پہلا کوالیفائر کھیلا جائیگا۔22مئی کو ایلیمنیٹرون ہوگا۔23 مئی کو کوالیفائر ٹو ہوگا۔25 مئی کو پی ایس ایل کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔