تعمیراتی سیکٹر کی بحالی کیلئے کمپلیکس ٹیکسیشن پر نظر ثانی خوش آئند ، سردار طاہر

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) صدر فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان و ممبر وزیراعظم ٹاسک فورس برائے ہاسنگ سیکٹر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ تعمیراتی سیکٹر کی بحالی کیلئے کمپلیکس ٹیکسیشن پر نظر ثانی کرنا خوش آئند ہے،اس میں پراپرٹی کے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کو کم کرنے اور پراپرٹی کی فروخت پرپانچ فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی پر نظر ثانی کرنے کے منصوبے شامل ہیں، یہ ایک ایسا اقدام ہے جو پہلی بار گھر خریدنے والوں اور سستی ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے انتہائی ضروری ریلیف فراہم کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس ایک ماہ میں اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کر دے گی۔ہمارا سارا فوکس اس چیز پر ہے کہ معیشت کیلئے آکسیجن کی حیثیت رکھنے والے اس کنسٹرکشن  سیکٹر کو دوبارہ سے رواں کیا جائے اور اس کے رستے میں بے تحاشا ٹیکسز کی صورت میں جو رکاوٹیں ہیں انہیں کم کیا جائے۔اس شعبے سے منسلک کمیونٹی کو امید دلاتا ہوں کہ مارچ 2025 سے بہتری کے اثرات نظر آنا شروع ہو جائیں گے جس کیلئے فروری میں حکومت کی طرف سے ایک مراعاتی پیکج بھی زیر غور ہے۔

ای پیپر دی نیشن