صاحبزادہ پیر نصیر الدین نصیر گولڑوی نے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا

لاہور (سیف اللہ سپرا) صاحبزادہ پیر نصیر الدین نصیر گولڑوی نے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ عظیم دانشور‘ ہفت زبان شاعر‘ عظیم سکالر اور روحانی پیشوا تھے۔ ان کا طرز زندگی اور تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان وقت میں ’’پیر نصیر الدین نصیر گولڑوی کی شخصیت اور ان کی خدمات‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک نشست میں کیا۔ مذاکرات کے شرکاء میں سٹی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین علامہ نزاکت حسین گولڑوی‘ محمد نور الٰہی انور‘ عامر سہیل اور محمد ظفر الرحمان چشتی تھے۔ علامہ نزاکت حسین گولڑوی نے کہا کہ پیر مہر علی شاہ کے صاحبزادے حضرت سید پیر نصیر الدین نصیر گیلانی نے اپنی شاعری کے ذریعے فکر اقبال کے فلسفے کو عام کیا۔ پیر مہر علی شاہ کے حقیقی ترجمان اور نمائندہ تھے۔ سید نصیر الدین نصیر گیلانی کا دو روزہ ساتواں سالانہ عرس 30 نومبر کو گولڑہ شریف میں شروع ہو گا۔ سنی علما کونسل لاہور کے صدر محمد نور الہٰی انور نے کہا کہ صاحبزادہ پیر نصیر الدین نصیر گولڑوی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ اتحاد بین المسلمین کے داعی‘ عظیم مصلح اور ہفت زبان شاعر تھے۔ سنی علماء کونسل وکلا ونگ کے صدر عامر سہیل نے کہا کہ پیر نصیر الدین نصیر گیلانی نے خانقاہی‘ درگاہی نظام اور صوفی ازم کو دین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے متعارف کروایا اور اس سلسلے میں بے شمار تصانیف لکھیں۔ ادارہ تعلیمات مجددیہ شادمان کے ترجمان محمد ظفر الرحمان چشتی نے کہا کہ پیر سید نصیر الدین شاہ کی اسلام کے لئے بڑی خدمات ہیں۔

ای پیپر دی نیشن