لاہور( کامرس ڈیسک)مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا ہے کہ ٹرانسفارمیشن پلان کے ذریعے ادارے کو کارپوریٹ طرز پر مضبوط سٹرکچر میسر آیا ہے جس سے گزشتہ سالوں کے مقابلے میں کارکردگی میں تیز رفتاری سے بہتری ہو رہی ہے ،آنے والے سالوں میں پاکستان کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے فی ایکڑ پیداوار میں غیر معمولی اضافہ نا گزیر ہے جو معیار ی بیجوں کی کاشت کے بغیر ممکن نہیں ۔ اپنے بیان میں ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ ایسے بیج متعارف کرائے جائیں جن سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل ہو سکے ، اس سے نہ صرف ہماری خوراک کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ کسان خوشحال اور معیشت پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ معیاری بیجوں کے حصول کیلئے کامیاب ممالک سے جوائنٹ ونچر کی طرف بھی پیشرفت کر رہے ہیں ، زیادہ پیداوار دینے والے بیجوں کی درآمد اور انہیں تجرباتی طور پر اپنے سیڈ فارمز پر کاشت کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچیس کروڑ آبادی والے ملک کے لئے خوراک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بھرپور منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے غیر معیاری بیج بنانے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کے اقدامات قابل ستائش ہیں اور اس کے دورس نتائج ہوں گے۔