تاجر رہنماایس ایم منیرپاکستان کا گرانقدر اثاثہ تھے،کینیڈین بزنس کمیونٹی

کراچی(کامرس رپورٹر)کینیڈا کی بزنس کمیونٹی پہلے کی طرح آج بھی عالمی شہرت یافتہ بزنس کمیونٹی کے قائد،سابق چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان،سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر (المعروف بھائی جان)کی یادوں کو اپنے دل میں بسائے ہوئے ہے،ایس ایم منیر صرف پاکستان کی کاروباری برادری کے مسائل ہی حل نہیں کرتے تھے بلکہ وہ کینیڈا اور امریکا میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو بھی اپنا سمجھ کر حل کرایا کرتے تھے،وہ انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہے۔ان خیالات کا اظہار کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سی ای او یونیورسل پروموشنز اور صدر، کینیڈا پاکستان ٹریڈ اینڈ بزنس ایسوسی ایشن عامرشمسی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر مقررین نے کیا۔ایس ایم منیر مرحوم کی یاد میں محبت اور عقیدت بھری  اسشام میں کینیڈا میںہائی کمشنر آف پاکستان محمد سلیم،ٹورنٹو میں قونصل جنرل آف پاکستان خلیل احمد باجوہ، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور سابق ریجنل چیئرمین ایس ایم نصیر، ایس ایم منیر کے چھوٹے صاحبزادے ایس ایم عرفان منیر،ایس ایم نوید،  خالد رضوان،مسلم حسن، منصور احمد، سلیمان احمد، کلیم صدیقی، ضیاء ملک، خالد قریشی، مقدم خان، محمد عرفان، عبداللہ، گوڈیل اورسیال ایگزیبیشن میں شریک پاکستان پویلین کے  مندوبین بھی شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کینیڈا میںہائی کمشنر آف پاکستان محمد سلیم اورٹورنٹو میں قونصل جنرل آف پاکستان خلیل احمد باجوہ نے ایس ایم منیر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا گرانقدر اثاثہ قرار دیا۔ایس ایم منیر کے چھوٹے بھائی ایس ایم نصیر نے کہا کہ بھائی جان نے ہمیں اپنے بچوں کی طرح پالا اور سمجھا اور ہمارے تمام دکھ ودرد کو اپنایا۔ایس ایم عرفان منیرنے کہا کہ ہم   دنیا بھر میں اپنے والد محترم کی خوبیوں کو سنتے اور اپنا سر فخر سے بلند کرتے ہیں، ہمارے والد پاکستان کے ایک عظیم فرزند تھے جنہوں نے بزنس کمیونٹی کیلئے اپنا تن من دھن قربان کیا اور بیماری میں بھی ان کے مسائل کو حل کرانے کی جدوجہد میں مصروف رہے  ۔عرفان منیر نے کہا کہ میرے والد کہا کرتے تھے کہ  پاکستان وہ واحد ملک ہے کہ جہاں وسائل بہت  زیادہ اور مسائل کم ہیں،ہمیں صرف اپنے وسائل کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ عامر شمسی نے کہا کہ آج کی تقریب میں ایس ایم منیر بھائی جان کی یادوں کو تازہ کیا ہے،بھائی جان بڑوں اور بچوں میں یکساں مقبول تھے،کینیڈا میں جو لوگ بھی ان سے مل چکے ہیں وہ انہیں بھول نہیں پاتے،انکی مہمان نوازی کینیڈا میں نہایت مقبول ہے۔عامر شمسی نے کہا کہ سچے لوگ ہمیشہ اُن دلوں میں زندہ رہتے ہیں جو ان کی یاد کو سنبھالے رکھتے ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہم بھی انہی لوگوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ تقریب میں ایس ایم منیر کے دوستوں، خاندان کے افراد اور مداحوں نے بھرپور انداز میں ان کی یاد کو تازہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن