ہٹیاں بالا(نمائندہ نوائے وقت)بھارتی فوج کی سول آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے محفوظ ہونے کے لیے نقل مکانی کرنے والے ایک ہی خاندان کی چناری کے نواحی علاقہ لو ئر کچھا سے اپر کچھا جانے والی بد قسمت جیپ بریک فیل ہونے کے باعث سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جاگری،ممبر یونین کونسل سڑک چناری سیدہ الفت کاظمی سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق،آٹھ زخمی،علاقہ کی فضا سوگ میں ڈوب گئی،ہر آنکھ اشکبار،جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا،آبائی قبرستانوں میں آہوں اور سسکیوں کے سائے میں سپرد خاک۔تفصیلات کے مطابق جیپ نمبر اے جے کے059 چناری کے نواحی علاقہ لوئر کچھا سے اپر کچھا جا رہی تھی کہ بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جاگری ،جس کے نتیجہ میں ممبر یونین کونسل سڑک چناری سیدہ الفت کاظمی زوجہ فدا حسین،رحمت جان زوجہ علی حسین شاہ،سیدہ مستجاب فاطمہ دختر فدا شاہ جاں بحق جبکہ ماہ نور فاطمہ زوجہ عجب علی نقوی،شاف حیدر ولد فدا حسین،سعیدہ بی بی دختر فدا حسین،عظمت فاطمہ دختر عجب شاہ،راحیلہ بی بی دختر وارث حسین،مریم دختر عجب حسین،سیدہ نایاب فاطمہ دختر فدا حسین،حریم فاطمہ دختر فدا حسین اوردیگر زخمی ہو گئے،حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ چناری راجہ یاسر علی خان معہ نفری ،ریسکیو1122کے اہلکاران اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے موقعہ پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو گہری کھائی سے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہٹیاں بالا منتقل کیا جہاں سے چار شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کردیا گیا۔