صوابی( نامہ نگار ) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہفتہ کو باچہ خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور میں نئی جدید لیبارٹری اور محکمہ آبپاشی ٹیوب ویل سولرائزیشن منصوبے کی افتتاح کے موقع پر دو ٹوک الفاظ میں بھارت پر واضح کردیا ہے کہ اس وقت مودی سرکار اگر یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان میں کوئی تقسیم ہے، اگرچہ لوگوں کے کچھ گلے شکوے ہیں، لیکن ایسا بالکل نہیں ہے کہ ہم تقسیم ہیں ، بھارتی جارحیت کے خلاف ہم سب ایک ہیں پاکستان ہم سب کا ہے اور مجھے فخر ہے کہ جس جرات اور بہادری سے ہماری فورسز نے کل رات بھارتی حملوں کا جواب دیا ہے۔ اگر مودی کو یہ سبق یاد آ گیا ہے تو ٹھیک ہے، ورنہ پاکستان کا بچہ بچہ ملکی دفاع کے لیے اٹھ کھڑا ہوگا۔میں حکومت سے ضرور مطالبہ کروں گا کہ قومی یکجہتی کے لیے ماحول پیدا کریں۔ قومی یکجہتی کے لیے سب سے پہلے عمران خان کو رہا کریں، جو بے گناہ جیل میں ہے۔ ہاں ہم پر فرض ہے کہ جس بہادری سے ایئر فورس، فوج اور دوسرے دفاعی اداروں نے بھارت کو جواب دیا، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔میں ایک بار پھر مطالبہ دہراتا ہوں کہ قومی یکجہتی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو یکجا کیا جائے ۔