نئی دہلی (این این آئی+ انٹرنیشنل ڈیسک) چیمپئنز ٹر افی جیتنے کی خوشی میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں جامع مسجد کے قریب انتہا پسند ہندوؤں کے اشتعال انگیز نعرے لگائے اور آتشبازی کرنے پر دو گروپوں میں تصادم ہو گیا۔ بھارتی پولیس کے مطابق دونوں گروپوں میں تصادم کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہو گئے جبکہ تصادم کے دوران تین افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ اس دوران مشتعل افراد نے دو گاڑیوں اور ایک دکان کو بھی آگ لگائی جس کے بعد تیرہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کو دبئی میں ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے فائنل میں بھارت نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیپمنئز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ادھر بھارت میں بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست اتر پردیش میں سحری اور افطار کے اعلانات کرنے پر ایک مسجد کے لائوڈ سپیکر ہٹادئیے گئے اور امام مسجد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک پولیس افسر نے تصدیق کی کہ شور کو کنٹرول کرنے سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کرنے کے الزام پر ضلع سنبھل کی ایک مسجد سے لائوڈ سپیکر ہٹائے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ واقعے کی اطلاع ہیڈ کانسٹیبل جتیندر کمار نے دی ہے۔ ایف آئی آر میں امام مسجد شکیل شمسی کا نام درج ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرقیادت اتر پردیش حکومت نے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے لیے2022ء میںعبادت گاہوں میں لائوڈ سپیکر کے استعمال کو محدود کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔